حماس وفد کی قاہرہ آمد،اہم امور پر بات چیت

   

قاہرہ: فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد اتوار کے روز مصر کے خصوصی دورے پر قاہرہ پہنچا ہے۔العربیہ چینل کے ذرائع کے مطابق حماس کے وفد کی آمد کا مقصد مصر کے ساتھ جاری کشیدگی میں کمی اور فلسطینی دھڑوں میں مصالحتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔سوموار کو مصری ذرائع نے بتایا کہ قاہرہ نے حماس کے وفد سے ملاقاتوں کے دوران تنظیم کی ترکی سے قربت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قاہرہ نے حماس سے کہا ہے کہ مصر کو سونپے جانیوالے کاموں میں ترکی کو مداخلت سے گریز کرنا ہوگا۔مصری حکام نے حماس رہنمائوںپر واضح کیا ہے کہ فلسطین کے معاملے میں مصر کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔قاہرہ حکام کا کہنا ہے کہ وہ حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے ہونے والی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے اقدامات کریگا۔ دوسری جانب حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت نے مصر کو متعدد پیغامات دیے ہیں۔ ان میں اہم امور میں مصری حکومت سے مشاورت کی یقین دہانی اور غزہ کے علاقے میں کوروناسے نمٹنے کیلئے مصری حکومت کی طرف سے امداد کی درخواست کی گئی ہے۔