حمیرہ شیخ فرنچ اوپن جونئیر زمرہ میں ہندوستان کی نمائندگی کرینگی

   

ابھرتی ہوئی 17 سالہ کھلاڑی کا پرانے شہر حیدرآباد سے تعلق ۔ جسٹن ہینن نے صلاحیتوں کا اعتراف کیا

حیدرآباد 19 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پرانے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک ابھرتی ہوئی ٹینس اسٹار حمیرہ شیخ کو اس سال دنیا کے چار بڑے گرانڈ سلام ٹورنمنٹس میں سے ایک فرنچ اوپن میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے ۔ 17 سالہ حمیرہ شیخ پرانے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کا خاندانی پس منظر بھی اسپورٹس سے متعلق رہا ہے ۔ حمیرہ شیخ نے اب تک قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا ایک سے زائد بار لوہا منوالیا ہے ۔ انہوں نے 16 سال کی عمر میں ہندوستان بھر میں ٹینس کی دنیا میں نمبر 1 رینکنگ حاصل کی تھی ۔ وہ انڈر 18 زمرہ میں 5 واں رینک ہندوستان بھر میں رکھتی ہیں جبکہ سینئرس یعنی ویمنس ٹینس میں ہندوستان بھر میں ان کی رینکنگ 17 ہے ۔ حمیرہ شیخ نے 6 سال کی عمر سے ٹینس کھیلنا شروع کیا تھا ۔ ان کی دلچسپی اور صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ان کے افراد خاندان نے بھی ان کی حوصلہ افزائی کی اورا ن کی کوچ وغیرہ کا اہتمام کیا ہے ۔ حمیرہ شیخ شہر کے لال بہادر اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرتی ہیں اور وہ اس سے پہلے بھی ہندوستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ ان کی صلاحیتوں کی عالمی سطح پر ٹینس کی سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی جسٹنن ہینن نے بھی ستائش کی ہے اور انہوں نے ہی اپنی کوششوں سے حمیرہ شیخ کو پیرس میں ہونے والے فرنچ اوپن ٹورنمنٹ میں جونئیر زمرہ میں وائلڈ کارڈ داخلہ دلوانے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ جسٹن ہینن نے حمیرہ شیخ سے مستقبل میں کافی توقعات کا اظہار بھی کیا ہے اور یہ کہا ہے کہ حمیرہ میں ایک اعلی درجہ کی ٹینس کھلاڑی بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں صرف موقع ملنا چاہئے ۔ حمیرہ نے جونئیر ٹینس میں نیشنل چمپئن کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا ۔ وہ 2015 میں جونئیر ایشیا چمپئن بھی رہیںجس کے مقابلے حیدرآباد میں منعقد ہوئے تھے ۔ تمام ہی مقابلوں میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے اور ان کو فرنچ اوپن میں جونئیر لیول پر ہندوستان کی نمائندگی کیلئے منتخب کیا ہے جو ایک اعزاز سے کم نہیں ہے ۔ حمیرہ کے والد بھی اسپورٹس سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ معروف ریسلر رہے ہیں اور ان کے بھائی بھی فن کشتی میں مہارت رکھتے ہیں۔حمیرہ شیخ فرنچ اوپن میں حصہ لینے 22 مئی کو پیرس روانہ ہو رہی ہیں۔