حوالہ ریاکٹ بے نقاب 1.2 کروڑ روپئے ضبط

   

حیدرآباد ۔ /7 جون (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں بڑے حوالہ ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کی نقد رقم ضبط کرلی ۔ پولیس نے یہ کارروائی علاقہ یوسف گوڑہ جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن حدود میں کی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس ای رادھا کشن راؤ نے کہا کہ حوالہ کی بڑی رقم غیرقانونی منتقلی کی اطلاع پر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے یوسف گوڑہ کرشن کانت پارک کے قریب ایک گاڑی روک کر اس کی تلاشی لی جس سے حوالہ کی رقم برآمد کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس نے اس کارروائی میں 33 سالہ پی مرلی چودھری ، 34 سالہ ایس راجیش ، 34 سالہ کے جگدیش اور ایک کار ڈرائیور 40 سالہ پی سینو کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ڈی سی پی ٹاسک فورس نے کہا کہ انہیں یہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دو کاروں میں حوالہ کی بڑی رقم منتقل کی جارہی ہے اور اس کارروائی میں ٹاسک فورس نے ایک کروڑ 40 لاکھ 20 ہزار روپئے کی رقم ضبط کرتے ہوئے مذکورہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس نے ضبط شدہ رقم اور گرفتار کئے گئے افراد کو محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کردیا تاکہ ان کے خلاف موثر کارروائی کی جائے ۔