حوثیوں کا سعودی F-15 طیارہ تباہ کرنے کا دعویٰ

   

صنعا: 16ستمبر ( یو این آئی ) یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے صوبہ مارب کی فضائی حدود میں سعودی عرب کا ایف 15 جنگی طیارہ مار گرایا ہے۔حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ سعودی طیارے کو مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ حوثیوں کے مطابق طیارہ یمن میں سعودی فوجی کارروائیوں کی حمایت میں پرواز کر رہا تھا۔حوثی ترجمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سعودی جنگی طیاروں نے گزشتہ عرصے کے دوران یمن کے مختلف علاقوں پر 450 حملے کیے ہیں۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے جواب میں سعودی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔تاہم سعودی حکام یا سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے فوری طور پر سعودی ایف 15 طیارے کے مار گرائے جانے کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ حوثیوں نے بھی اس دعوے کے ثبوت میں طیارے کے ملبے یا پائلٹ سے متعلق تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کیں۔