حوثی باغیوں کا ابھا ایئر پورٹ پر پھر حملہ ،9افراد زخمی

   

صنعا،3جولائی(سیاست ڈاٹ کام) یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے ابھا ایئرپورٹ پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے ۔حکام کے مطابق حملہ میں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں ، جن میں 8 سعودی جبکہ ایک ہندوستانی شہری شامل ہے ۔حملہ میں حوثیوں نے ڈرونز کا استعمال کیا یا میزائل داغا گیاہے ۔سعودی قیادت میں اتحادی افواج نے تصدیق کی ہے کہ حوثی باغیوں نے ابھاہوائی اڈے کو نشانہ بنا کر حملہ کیا۔ اس نے کہا کہ اگرچہ ہوائی اڈے پر طیاروں کے ٹریفک سمیت تمام کام خوش اسلوبی سے جاری ہیں۔یمن میں صدر منصور ہادی کی فوج اور حوثی باغیوں کے ساتھ کئی سال سے مسلح تصادم جاری ہے ۔ مسٹر ہادی کے اصرار پر سعودی قیادت والی اتحادی افواج مارچ 2015 سے حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے کررہی ہے ۔گذشتہ ماہ حوثی باغیوں نے اسی ہوائی اڈے پر کئی حملے کئے تھے جس میں کئی افراد زخمی ہو گئے تھے ۔