حوثی گروپ کا اسرائیل جانے والے جہاز پر حملہ

   

صنعاء : یمن کے حوثی گروپ نے بحیرہ احمرمیں اسرائیل جانے والے بحری جہاز پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو ایک بیان میں حوثی گروپ کے ترجمان نے کہا کہ بحیرہ احمر میں اسرائیلی جانے والے یونانی جہاز پر براہ راست حملہ کیا گیا۔ترجمان حوثی گروپ کا کہنا ہے کہ عملے کی وارننگ کال نظر انداز کرنے کے بعد جہاز پر حملہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بحیرہ احمر، بحیرہ عرب میں جہازوں کو اسرائیل جانے سے روکتے رہیں گے۔حوثی گروپ کے مطابق غزہ کا محاصرہ ختم ہونے اور غزہ میں جارحیت رْکنے تک حملے جاری رہیں گے۔واضح رہے کہ یمن کے حوثی باغی اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کے جواب میں اسرائیل جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔دنیا کی دو سب سے بڑی شپنگ کمپنیوں، MSC اور Maersk نے بھی دسمبر میں بحیرہ احمر میں اپنا آپریشن معطل کر دیا تھا۔18 دسمبر کو امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے حوثیوں کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بحری فوج کی تشکیل کا اعلان کیا تاہم اسپین، اٹلی اور فرانس سمیت کئی ممالک اس اتحاد سے دستبردار ہو چکے ہیں۔