حکومت آنے پر ہر مسجد کی کھدائی کریں گے،اردو پر پابندی لگائیں گے،تلنگانہ کے بی جے پی صدر نے مسلمانوں کے خلاف کھلے عام زہر افشانی کی

   

حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی بی جے پی صدر بنڈی سنجے کمار نے اسد الدین اویسی پر تنقید کی آڑ میں مسلمانوں اور اردو زبان کے خلاف زہر افشانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیولنگ کو تلاش کرنے کے لیے تلنگانہ کی ہر مسجد کی کھدائی کی جائے گی اور ‘رام راجیہ’ آنے پر اردو پر پابندی لگ جائے گی۔بدھ کو کریم نگر میں ہندو ایکتا یاترا میں رکن پارلیمان بنڈی سنجے نے یہ بھی کہا کہ ملک میں بم دھماکے اس لیے ہوتے ہیں کیونکہ مدارس دہشت گردوں کی تربیت گاہ بن چکے ہیں، ان کی نشاندہی کی جانی چاہیے۔ بی جے پی لیڈر نے آگے کہا کہ جہاں بھی مسجد کے احاطے کی کھدائی ہوتی ہے وہاں شیولنگ مل جاتا ہے۔ ہم ریاست کی تمام مساجد کو کھودیں گے۔ اگر لاشیں برآمد ہوئی ہیں تو آپ اس کا دعویٰ کریں اور اگر شیولنگ ملے تو مسجد ہمارے حوالے کر دیں۔