نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم اومی کرون سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت اس سے لڑنے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔ کجریوال نے پیر کو یہاں میڈیا کو بتایا کہ ڈی ڈی ایم اے کے عہدیداروں اور ماہرین کے ساتھ اومی کرون کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ وائرس تیزی سے پھیلتا ہے لیکن اس کی علامات بہت ہلکی ہیں اور موت کے امکانات کم ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ہاسپٹلس، آکسیجن اور ادویات کا انتظام کیا گیا ہے ۔ 23 دسمبر کو ہوم آئسولیشن مینجمنٹ پر اہم اجلاس ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب صرف کورونا سے متاثرہ پائے جانے والوں کی جینوم سیکوینسنگ ہوائی اڈوں پر کی جاتی تھی، لیکن اب دہلی آنے والے تمام کورونا کیسوں کی جینوم سیکوینسنگ کی جائے گی اور اومی کرون کی جانچ ہوگی۔