حکومت اڈانی کیلئے سرحدی قوانین کیخلاف ورزی کر رہی ہے :کانگریس

   

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت اپنے پسندیدہ صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہندوستان۔پاکستان سرحد کے قریب اسے توانائی پروجیکٹ کا کام دے کر ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے ۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ قوم پرستی کی باتیں کرنے والے اپنے ارب پتی دوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ملک کی سلامتی سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار اڈانی فوجی ماہرین کے مشورے کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان کی سرحد سے صرف ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ملک کا سب سے بڑا سولر پاور پراجیکٹ بنا کر سکیورٹی معیارات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ کھرگے نے کہا کہ بی جے پی کا نام نہاد قوم پرست چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے ۔ اس نے اپنے پسندیدہ ارب پتیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔