حکومت تین ماہ میں عوامی تائید سے محروم : سبیتا اندرا ریڈی

   

بی آر ایس عوام کے دلوں میں زندہ ، چیوڑلہ کی نشست تحفہ میں کے سی آر کو پیش کی جائے گی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کی رکن اسمبلی سابق وزیر سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت تین ماہ میں عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے ۔ کبھی پورے نہ ہونے والے وعدے کرتے ہوئے کانگریس نے اقتدار حاصل کیا ہے ۔ اقتدار حاصل ہونے کے بعد عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے ۔ شمس آباد میں بی آر ایس کے اہم قائدین کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کے بی آر ایس امیدوارکے گیانیشور ، رکن اسمبلی پرکاش گوڑ ، سابق رکن اسمبلی منچی ریڈی کشن ریڈی کے علاوہ دوسرے بی آر ایس قائدین موجود تھے ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی ۔ کانگریس کے وعدوں پر عوام نے بھروسہ کیا ۔ اقتدار حاصل کرنے والی کانگریس پارٹی عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کو بلیک میل کررہی ہے ۔ جھوٹے مقدمات میں پھنسا رہی ہے ۔ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اقتدار سے محروم ہوئی ہے مگر عوام کے دلوں میں زندہ ہے ۔ پارٹی کے تمام قائدین ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ سے بی آر ایس کے امیدوار کے گیانیشور کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے کے سی آر کو تحفہ میں پیش کریں ۔ بی جے پی کے سی آر کا سامنا کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ بی آر ایس کیڈر کے حوصلے پست کرنے کے لیے کویتا کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ تاہم بی جے پی اپنے نا کام عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی ۔ جیت ہمیشہ حق اور کامیابی سچائی کی ہوگی ۔۔ 2