حکومت ساگر ایاکٹ کو آبپاشی کیلئے فوری شیڈول جاری کرے

   

ایاکٹ کے کسان پانی کی عدم دستیابی سے پریشان ۔ مریال گوڑہ میں کسان دھرنا پروگرام، کے ٹی آر کا خطاب

نلگنڈہ۔3/ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت ساگر ایاکٹ کو فوری آبپاشی کے لیے پانی کی سربراہی کا14/ ستمبر تک واضح شیڈول جاری نہ ہونے پر کوداڈ تا ہالیہ پدیاترا کا اعلان کرنے کا ورکنگ صدر تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے۔ٹی راما راؤ نے انتباہ دیا۔وہ آج مر یال گوڑہ میں منعقدہ کسان مہادھرنا سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ساگر ایاکٹ کے تحت آنے والے علاقوں میں خشک ہوتی فصلوں کو بچانے کے لیے فوری طور پر آبپاشی کا پانی جاری کیا جائے۔کے ٹی آر نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ میں ریکارڈ سطح پر دھان کی پیداوار ہوئی اور ساگر آیاکٹ علاقہ سرسبز و شاداب نظر آتا تھا لیکن آج پانی کی عدم دستیابی کے باعث فصلیں سوکھ رہی ہیں اور کسان شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل عوام اور کسانوں سے متعدد وعدے کئے مگر حکومت بننے کے بعد ان وعدوں کونظرانداز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دوبارہ دھوکہ دہی کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔کے ٹی آر نے دعویٰ کیا کہ ساگر میں اس وقت وافر مقدار میں پانی موجود ہے اور رواں سیزن میں تقریباً 180 ٹی ایم سی پانی دستیاب ہے اس کے باوجود ساگر آیاکٹ کے کسانوں کو پانی فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ فوری طور پر پانی کی اجرائی کا فیصلہ کرے۔انہوں نے اعلان کیا کہ 14/ ستمبر تک پانی کی اجرائی کا واضح منصوبہ اور شیڈول جاری نہ کیا گیا تو وہ خود کوداڈ سے ہالیہ تک پیدل مارچ کریں گے۔ انہوں نے حکومت کو دس دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر لاکھوں کسانوں کے ساتھ پدیاترا کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔کے ٹی آر نے مزید الزام لگایا کہ ساگر کا پانی آندھرا پردیش کی جانب منتقل کیا جارہا ہے اور ویلوگونڈہ کے ذریعہ 52 ٹی ایم سی پانی آندھرا پردیش کو دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ان کے حصے کا پانی فراہم نہ کرنا انتہائی ناانصافی ہے۔انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ساگر آیاکٹ کے کسانوں کو فوری طور پر پانی فراہم نہیں کیا گیا تو بی آر ایس کی جانب سے احتجاجی تحریک کو مزید شدت دی جائے گی۔ ٹی راما راؤ کے میر یال گوڑہ پہنچنے پر بائی پاس سے جلسہ گاہ تک زبردست ریالی کے ذریعہ پہنچا یا گیا اس موقع پر ورکنگ صدر کے ہمراہ سابقہ وزیر جگدیش ریڈی رکن قانون ساز کونسل کوٹی ریڈی سابقہ ارکان اسمبلی پارٹی قائدین و کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔