حکومت میں بدعنوانیوں پر انرودھ ریڈی کے دعویٰ کی فوری تحقیقات پر زور

   

رکن اسمبلی کے بیانات حکومت کے خلاف چارج شیٹ ، داسو جو شراون کا ردعمل
حیدرآباد: 18 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ایم ایل سی داسوجو شراون نے ریاستی حکومت میں بدعنوانی سے متعلق جڑچرلہ کے کانگریس ایم ایل اے جے انیرودھ ریڈی کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے ٹھیکے کے کاموں میں کمیشن کے الزامات کی فوری اے سی بی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ حکمراں جماعت کے ایم ایل اے کے بیانات کو حکومت کے خلاف ’’چارج شیٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے انہوں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے کہا کہ وہ ان الزامات کا جواب دیں اور مبینہ کمیشن کلچر کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ایک بیان میں بی آر ایس ایم ایل سی نے انیرودھ ریڈی کے اس دعوے کا حوالہ دیا کہ عوامی کاموں کے بلوں کی منظوری کے لیے عہدیدار میژرمنٹ بک (ایم بک) میں اندراج کے مرحلے پر 10 سے 20 فیصد کمیشن طلب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 5 لاکھ روپے کی سیمنٹ سڑک کے معاملے میں مبینہ طور پر 20 فیصد رقم عہدیداروں اور بچولیوں کو چلی گئی، جبکہ ٹھیکیداروں نے مزید 30 فیصد منافع کے طور پر رکھ لیا۔ ان کا الزام تھا کہ اس کے نتیجے میں اصل کام پر صرف 2.5 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔شراون نے سوال کیا کہ کیا یہی وہ اچھی حکمرانی ہے جس کا کانگریس کے منشور میں وعدہ کیا گیا تھا، اور حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے عوامی نظم و نسق کی جگہ فیصد پر مبنی نظام قائم کر دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کوئی کارروائی کیوں شروع نہیں کی جا رہی؟1