حکومت کا مقصد بہار کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنانا ہے :سمراٹ چودھری

   

مونگیر، 26 اپریل (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلی سمراٹ چودھری نے اتوار کو کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد بہار کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنانا ہے ۔وزیراعلیٰ چودھری نے آج مونگیر ضلع کے تارا پور سب ڈویژن ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک “عوامی ڈائیلاگ پروگرام” میں کہا کہ ان کے خوابوں میں ایک خوبصورت اور ترقی یافتہ بہار کا تصور ہے ۔مسٹر چودھری نے کہا کہ حکومت نے ریاست کو تیزی سے صنعتی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ ہدف اگلے پانچ برسوں میں بڑی تعداد میں کارخانے لگا کر حاصل کیا جائے گا۔بہار کے نئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے اقتصادی خوشحالی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے سیاحت کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے مختلف تاریخی اور مذہبی مقامات کو تیار کیا جا رہا ہے ۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ صنعتی ترقی اور سیاحت کے شعبے میں ترقی سے روزگار کے بڑے مواقع پیدا ہوں گے ، جس کے ذریعے حکومت اگلے پانچ سال میں ایک کروڑ ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف حاصل کرے گی۔وزیراعلیٰ مسٹر چودھری کا آبائی ضلع مونگیر ہے اور انہوں نے وہاں کے لوگوں سے وعدہ کیا کہ ضلع کے کھڑگ پور، سنگرام پور، ٹیٹیا بمبر اور اثر گنج بلاکس میں ترقیاتی ضرورتوں کو پورا کیا جائے گا۔