حکومت کو گرانا بچوں کا کھیل نہیں ، وزیر ٹی سرینواس یادو کا اکبر اویسی کو جواب

   

حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر برائے افزائش مویشیاں ، سمکیات ، فروغ ڈیری اور سنیما ٹو گرافی جناب ٹی سرینواس یادو نے تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین کے قائدین کی جانب سے ٹی آر ایس پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایم آئی ایم قائدین کے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کس طرح سے حکومت کو گراسکتے ہیں جب کہ ان کے پاس عددی طاقت تو نہیں ہے تو یہ کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ ایم آئی ایم ، ٹی آر ایس حکومت کی گرانے سے گریز نہیں کرے گی ۔ مجلسی قائدین کی جانب سے آئے دن کے سی آر اور ان کے بیٹے کے ٹی آر پر غیر ذمہ دارانہ بیانات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس فرقہ پرستی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور یہ ایک سیکولر پارٹی ہے جو ہر مذہب اور طبقہ کے لیے یکساں مواقع اور ترقی پر عمل پیرا ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی پر تنقید کرنے سے قبل مجلس کو سونچنا چاہئے اور قائد مجلس کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ وہ محض چند ارکان اسمبلی کے ساتھ حکومت گرائیں گے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ٹی آر ایس پارٹی کے خلاف ایم آئی ایم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ یہ بلدی انتخابات شہری مسائل کے موضوعات پر لڑے جارہے ہیں نہ کہ عوام کی توجہ ہٹا کر ایک دوسرے پر شخصی تنقید اور رکیک حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے جو ٹی آر ایس پارٹی کے منشور کے خلاف ہے ۔۔