چنڈی گڑھ: ہریانہ میں مسلسل بے موسم بارش کی وجہ سے دھان، باجرہ، کپاس سمیت سبزیوں کی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ہریانہ پردیش بیوپار منڈل کے صوبائی صدر اور آل انڈیا ٹریڈ بورڈ کے قومی جنرل سکریٹری بجرنگ گرگ نے منگل کے روز یہاں کہا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے دھان، باجرہ، کپاس سمیت سبزیوں کی فصلوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے ۔ کسانوں کا دھان منڈیوں میں بھیگ گیا ہے اور کھیتوں میں پانی بھر جانے سے فصلوں کی کٹائی رک گئی ہے ۔ اگر حکومت 15 ستمبر سے دھان کی خریداری شروع کر دیتی تو بڑی حد تک اس سے بچا جاسکتا تھا۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ کسانوں کی خراب فصل کا فوری طور پر 40 ہزار روپے فی ایکڑ معاوضہ دیا جائے تاکہ کسان کو ریلیف مل سکے اور کسان اپنی اگلی فصل کی بوائی کی تیاری کے ساتھ ہی اپنے خاندان کا بھی خیال رکھ سکے ۔ اس بار مانسون میں شدید بارشوں کی وجہ سے کسان کی فصل کو کافی نقصان پہنچا اور مانسون کے جانے کے بعد بھی یکم سے 11 اکتوبر تک ہونے والی شدید بارشوں سے اناج اور سبزیوں کو نقصان پہنچا۔ گرگ نے کہا کہ دھان کی خریداری کے لیے بھی ادائیگی نہیں کی گئی ہے ۔ حکومت بار بار 72 گھنٹوں کے اندر اناج کی خریداری اور ادائیگی کے لیے اعلانات کر رہی تھی۔ حکومت کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ اپنے وعدے کے مطابق حکومت 72 گھنٹوں کے اندر کسان کی فصل کی خریداری، اٹھان اور ادائیگی کرے ، تاکہ کسانوں کو ہونے والے مسلسل نقصان سے بچایا جا سکے ۔