حکومت کے اشارہ پر عبادت گاہوں کا انہدام کانگریس لیڈر واجد حسین کا الزام

   

حیدرآباد۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور مجلس بلدیہ میں سابق فلور لیڈر محمد واجد حسین نے سکریٹریٹ کے احاطہ میں مساجد کے انہدام کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راتوں رات حکومت کے اشارہ پر عبادت گاہوں کو منہدم کردیا گیا۔ سکریٹریٹ میں واقع دفاتر میں کام کرنے والے افراد کی سہولت کیلئے یہ عبادت گاہیں تعمیر کی گئی تھیں۔ مسجد ہاشمی اور سی بلاک سے متصل مسجد دفاتر معتمدی کو منہدم کرنا عوام کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر دورِ حکومت میں مسجد دفاتر معتمدی تعمیر کی گئی تھی اور اسوقت کے ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمد علی شبیر کی نگرانی میں یہ کام انجام دیا گیا تھا۔ واجد حسین نے کہا کہ عبادت گاہوں کے انہدام سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے حکومت کے اس دعویٰ کو مسترد کردیا کہ متصل عمارتوں کا ملبہ گرنے سے عبادت گاہوں کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے حقیقی صورتحال سے عوام کو واقف کرانے اور دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سرکاری عہدوں پر فائز ٹی آر ایس قائدین کی خاموشی پر بھی تنقید کی۔