حکومت گونگی تو تھی، اب اندھی بہری بھی ہوگئی : راہول

,

   

نئی دہلی : کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر راہول گاندھی نے آشا کارکنان کے مسائل کو لے کر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’آشا کارکنان ملک بھر میں گھر گھر تک ہیلتھ سیکورٹی پہنچاتی ہیں۔ وہ سچ معنوں میں ہیلتھ واریرس ہیں لیکن آج خود اپنے حق کے لیے ہڑتال کرنے پر مجبور ہیں۔‘‘ ساتھ ہی راہول گاندھی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’حکومت گونگی تو تھی ہی، اب شاید اندھی۔ بہری بھی ہے‘‘۔ اپنے ٹوئٹ کے ساتھ راہول گاندھی نے ’دی کوئنٹ‘ (ہندی) کی ایک خبر کا لنک بھی شیئر کیا ہے جس کا عنوان ہے ’کورونا واریرس کا درد، ملک بھر میں 6 لاکھ آشا ورکرس ہڑتال پر‘۔ اس خبر میں لکھا گیا ہے کہ کورونا وبا میں جب ہر طرف لاک ڈاؤن تھا، لوگ گھروں میں تھے تب کچھ گمنام واریرس (جنگجو) گلی، محلے سے لے کر گاؤں ۔ شہر میں دن کی دھوپ میں کورونا انفیکشن کو ٹریک کر رہے تھے۔ یہ واریرس تھے آشا ورکرس۔ لیکن اب تقریباً 6 لاکھ آشا ورکر اپنے کئی مطالبات کو لے کر ہڑتال پر ہیں۔ اپنے مطالبات کی طرف توجہ دلانے کیلئے ملک بھر کی آشا ورکر 7اگست سے دو دن کے ہڑتال پر ہیں۔