حیدرآباد3 مئی (ایجنسیز)کولکتہ نے یہاں کھیلے گئے مقابلے میں میزبان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 169/3 کی شکل میں حاصل کرلیا ۔قبل ازیں ورون چکرورتی نے شاندار واپسی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تجربہ کار سنیل نارائن نے انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی200 ویں وکٹ حاصل کی۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے درمیانی اوورز میں زبردست واپسی کرتے ہوئے سن رائزرز حیدرآباد کو اتوارکے روز یہاں 19 اوورز میں 165 رنز پر آؤٹ کردیا۔ بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی سن رائزرز حیدرآباد نے حسبِ معمول جارحانہ انداز میں آغازکیا اور پاور پلے کے بعد ایک وکٹ کے نقصان پر 77 رنز بنا لیے تھے اور ایک بڑے اسکور کی سمت گامزن تھی جبکہ اننگز کے نصف حصے تک اسکور 2 وکٹ پر107 رنز تھا۔ اس میں ٹریوس ہیڈکی 28 گیندوں پر61 رنز کی دوسری مسلسل نصف سنچری کا اہم کردار تھا۔ تاہم اننگز کے دوسرے حصے میں ٹیم اچانک بکھرگئی اور 10 اوورز میں مزید صرف 60 رنزکے اضافے کے ساتھ 9 وکٹیں گنوا بیٹھی۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آئی پی ایل 2026 میں سن رائزرز حیدرآباد کی پوری ٹیم آؤٹ ہوئی ہے۔حیدرآباد کے مسلسل 5 فتوحات کا سلسلہ بھی اسے کے گھریلو میدان کی شکست کے بعد ٹوٹ گیا حالانکہ حیدرآبادی کرکٹ شائقین کو یہاں راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں ایک اور دھماکہ کی امید تھی لیکن حیدرآبادی ٹیم 200 رنز کا ہندسہ عبور نہ کرسکی ۔