حیدرآباد 8 اکٹوبر (سیاست نیوز) امرناتھ یاتریوں کی ہلاکتوں اور موسم کی خرابی کے سبب مسائل کو دیکھتے ہوئے حیدرآباد کے ایک 15 سالہ نوجوان سید خالد مسعود نے سنجیونی کے نام سے گھڑی نما آلہ تیار کیا جسے امرناتھ یاتری اپنے ہاتھ پر باندھ کر محفوظ رہ سکتے ہیں۔ سید خالد مسعود نے جو گھڑی نما آلہ تیار کیا اس میں موسم کی خرابی یا کسی بھی خطرہ پر اگر کنٹرول روم سے انتباہ جاری کیا جاتا ہے تو اس آلہ میں ارتعاش ہوگا اور ارتعاش کو محسوس کرکے یاتری محفوظ مقام پر پناہ لے سکتے ہیں۔ سید خالد مسعود نے بتایا کہ امرناتھ یاترا میں بارش اور سیلاب کے سبب حادثات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اس کی تیاری کا فیصلہ کیا اور کامیاب تجربہ کے بعد وہ تیار کرچکے ہیں جسے امرناتھ یاترا میں یاتریوں کے ہاتھ پر باند ھ کر روانہ کیا جاسکتا ہے اور اگر دوران سفر کوئی مشکل ہویا یاتریوں کو چوکس کرنا ہو تو عہدیدار کنٹرول روم سے تمام یاتریوں کو بیک وقت مطلع کرکے محفوظ مقام پر پناہ لینے چوکنا کرسکتے ہیں۔اس کے استعمال سے یاترا کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے اور یاتریوں کو چوکنا و چوکس رکھا جاسکتا ہے ۔ سید خالد مسعود نے اس آلہ کو ’سنجیونی ‘ رسٹ بینڈ نام دیا ہے۔