حیدرآباد ، SIR مہم کے فارمس ڈیجیٹلائزیشن کرنے میں بھی پیچھے رہ گیا

   

مہلت ختم ہونے صرف 9 دن باقی ،تاحال 50 فیصد فارمس بھی آن لائن نہیں ہوئے ، عوام میں تشویش
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظر ثانی SIR مہم میں ریاست کے دارالحکومت ضلع حیدرآباد کارکردگی کے لحاظ سے ریاست کے دیگر اضلاع کے مقابلے میں بری طرح پیچھے رہ گیا ہے ۔ جس طرح بوتھ لیول آفیسرس نے فارمس کی گھر گھر تقسیم میں سست روی کا مظاہرہ کیا تھا وہی لاپرواہی اور سستی اب وصول شدہ فارمس کو آن لائن ڈیجیٹلائزیشن کرنے میں بھی نظر آرہی ہے ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جہاں ریاست کے دیگر اضلاع میں ڈیجیٹلائزیشن کا تناسب 80 سے 90 فیصد تک پہونچ چکا ہے ۔ وہی حیدرآباد میں فارمس کے ڈیجیٹلائزیشن کی شرح 50 فیصد کا ہندسہ بھی عبور نہیں کرسکی ۔ اس صورتحال پر شہریوں اور مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عہدیدار صرف روزانہ کے جائزوں اور اشتہار بازی تک محدود ہیں جب کہ فیلڈ سطح پر ڈیٹا انٹری کے کام کو تیز کرنے کے لیے کوئی ٹھوس اور عملی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ مقررہ شیڈول کے مطابق SIR مہم کے تحت اینومریشن فارمس جمع کرانے اور آن لائن پروسیس کرنے کی آخری تاریخ 3 اگست 2026 ہے ۔ جس میں اب صرف 9 دن باقی رہ گئے ہیں جس سے شہریوں میں الجھن اور خدشات دیکھے جارہے ہیں ۔ کئی شہریوں نے بتایا کہ بی ایل اوز نے گھروں پر آکر فارمس تو دے دئیے لیکن وہ انہیں واپس کب لے جائیں گے اور پورٹل پر کب آن لائن کریں گے اس کی کوئی وضاحت نہیں ہے ۔ ہمیں ڈر ہے کہ اگر آخری تاریخ ختم ہوگئی اور ہمارے فارمس ڈیجیٹلائز نہ ہوئے تو ہم اپنے ووٹ کے حق سے محروم ہوجائیں گے ۔ عوامی اور سیاسی جماعتوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جی ایچ ایم سی اور ضلع الیکشن حکام فوری طور پر بیدار ہوں ہر سرکل اور وارڈ کی سطح پر اضافی عملہ مختص کریں تاکہ لاکھوں اہل ووٹرس کے نام ووٹنگ لسٹ میں برقرار رہ سکے ۔۔ 2/m/b