حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر فاسٹ ٹریک امیگریشن سسٹم متعارف

   

مسافرین کو آن لائین رجسٹریشن کی سہولت
حیدرآباد 17جنوری (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپور پر امیگریشن کی عصری سہولتوں کا مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے افتتاح کیا۔ حیدرآباد کے علاوہ ملک کے بڑے ایرپورٹس پر امیگریشن کی عاجلانہ تکمیل کیلئے فاسٹ ٹریک امیگریشن ٹرسٹیڈ ٹراویلر پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ یہ سہولت ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافرین اور اوورسیز ہندوستانی شہریوں کیلئے سہولت بخش ثابت ہوگی۔ فاسٹ ٹریک امیگریشن سسٹم کے تحت مسافرین کو امیگریشن کلیئرنس میں طویل انتظار کی زحمت نہیں رہے گی۔ مسافرین کی آمد اور روانگی کے موقع پر ہندوستان کے بڑے ایرپورٹس پر وہ امیگریشن کلیئرنس جلد حاصل کرپائیں گے ۔ نئے سسٹم کے تحت راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر 8 الیکٹرانک گیٹس قائم کئے گئے جن میں 4 ارائیولس اور 4 ڈپارچرس میں قائم ہیں۔ عصری امیگریشن سسٹم سے استفادہ کیلئے اہل افراد کو سرکاری ویب سائیٹ پر آن لائین درخواست دینا ہوگا۔ درخواست گزاروں سے بائیو میٹرک تفصیلات حاصل کی جائیں گی ۔ فیشل امیج و فنگر پرنٹ حاصل کیا جائیگا ۔ درخواست فارم میں درکار تفصیلات کو پیش کرنا ہوگا۔ عہدیداروں کے مطابق رجسٹریشن کا عمل ایک ماہ تک جاری رہے گا اور درخواست گزاروں کیلئے لازمی رہیگا کہ رجسٹریشن کے وقت پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 6 ماہ رہنی چاہئے۔ وزارت داخلہ نے وزارت شہری ہوا بازی اور بیورو آف امیگریشن کے اشتراک سے یہ پروگرام تیار کیا ۔ مسافرین کو ڈپارچر پر ایرلائین کاؤنٹر سے ویزا ویریفیکیشن کے بعد بورڈنگ پاس حاصل کرنا ہوگا۔ وہاں سے مسافرین فاسٹ ٹریک امیگریشن سے متعلق ای گیٹس سے گزریں گے۔ پہلی ای گیٹ پر پاسپورٹ اور بورڈنگ پاس کی اسکیاننگ کی جائے گی۔ اسکیاننگ کے بعد دوسری ای گیٹ سے گزرنا ہوگا جہاں ٹکنالوجی کے ذریعہ مسافرین کی شناخت ہوگی اور یہ امیگریشن کے عمل کی تکمیل ہوگی ۔ 1