حیدرآباد6مارچ(یواین آئی)حیدرآباد اور تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں جمعرات کی صبح درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جہاں سرد اور ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے کئی مقامات پر درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری تک کم ہوگیا۔ موسمیاتی ماہر ٹی بالا جی کے مطابق، جمعرات کی صبح یونیورسٹی آف حیدرآباد میں درجہ حرارت 12 ڈگری راجندر نگر میں 12.2 ڈگری، مولا علی میں 14.6 ڈگری، گچی باؤلی میں 14.9 ڈگری، شیورام پلی میں 16.1 ڈگری اور بیگم پیٹ میں 16.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح کی صورتحال تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بھی دیکھی گئی۔ تلنگانہ ویدر مین نامی موسمیاتی تجزیہ کار نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ تلنگانہ میں غیر معمولی سردی کی لہر چل رہی ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق آصف آباد تریانی میں اقل ترین درجہ حرارت 8.5 ڈگری کیرامیری میں 11.5 ڈگری جیناتھ میں 9.2 ڈگری، عادل آباد اربن میں 9.4 ڈگری اور بیلا میں 9.5 ڈگری ‘سنگا ریڈی اندول میں 9.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔