حیدرآباد اور اضلاع میں 48 گھنٹوں تک موسم خشک رہے گا

   

حیدرآباد۔27 ۔ستمبر۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ایک ہفتہ بعد درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور آئندہ 48گھنٹوں کے دوران شہر کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے برعکس خانگی ماہرین موسمیات نے جو پیش قیاسی کی ہے اس کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہے گا کیونکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے اضلاع میں بارشوں کی پیش قیاسی کی تھی ۔ خانگی ماہرین موسمیات نے اس کے برعکس پیش قیاسی کرتے ہوئے آئندہ دو یوم موسم خشک رہنے کے علاوہ گرمی کی شدت میں اضافہ اور دو دن بعد دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ دویوم بعد موسم میں دوبارہ تبدیلی رونما ہوگی اور بارشوں کا جو سلسلہ شروع ہوگا وہ 10اکٹوبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہر حیدرآباد میں درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ اچانک رطوبت میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا جانے لگا ہے ۔3