حیدرآباد ایر پورٹ میٹرو پراجکٹ کے کاموں کا عنقریب آغاز

   

این وی ایس ریڈی نے انجینئرس کے ساتھ جائزہ لیا، اسٹیشنوں کے مقام کیلئے سروے
حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد ایر پورٹ میٹرو لمیٹیڈ نے ایر پورٹ میٹرو ریل پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 9 ڈسمبر کو پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ حیدرآباد ایر پورٹ میٹرو عہدیداروں کے مطابق پراجکٹ کیلئے عنقریب بنیادی کام شروع ہونگے۔ کمپنی نے دو سروے ٹیموں کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ میٹرو ریل کی لائن کو قطعیت دی جاسکے۔ اس سروے کے ذریعہ میٹرو پلرس اور اسٹیشن کے مقامات کا تعین کیا جائیگا ۔ کمپنی کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی اور سینئر انجینئرس نے رائے درگ میٹرو اسٹیشن سے نارسنگی جنکشن تک روٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے 10 کیلو میٹر فاصلہ کا جائزہ لے کر انجینئرس اور سروے ٹیموں کو ہدایات دیں۔ ریڈی نے کہاکہ اسٹیشن کے مقامات اہم روڈ جنکشنس کے قریب ہوں۔ اس پراجکٹ کی تکمیل کے ذریعہ شہر کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جائیگا۔ پراجکٹ سے نہ صرف ایر پورٹ مسافرین بلکہ اس روٹ کے عام مسافر بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس پراجکٹ کے ذریعہ صرف 20 منٹ میں لوگ کام کے مقام پر پہنچ سکتے ہیں۔ یہ پراجکٹ آئی ٹی ڈسٹرکٹ ہائی ٹیک سٹی کو ایر پورٹ سے مربوط کریگا۔ 31 کیلو میٹر طویل پراجکٹ کو ریاستی حکومت 6250 کروڑ کے مصارف سے مکمل کریگی۔ر