شہر کے مرکزی علاقوں کے علاوہ نواحی علاقوں میں بھی مالس کی تعمیرات میں اضافہ
حیدرآباد۔13جنوری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد مالس اور ملٹی پلیکس تھیٹرس و شاپنگ سنٹرس کے شہر میں تبدیل ہونے لگا ہے اور شہر حیدرآباد کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں میں بھی اب شاپنگ مالس کی تعمیرات کے لئے اجازت نامے طلب کئے جا نے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ شہر میں مالس کا کلچر تیزی سے فروغ پارہا ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کئی شاپنگ مالس کی تعمیر کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں شاپنگ مالس کو حاصل ہونے والے فروغ کی بنیادی وجہ شاپنگ مالس صرف خریداری یامال میں موجود تھیٹر میں فلم بینی کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں بلکہ ان شاپنگ مالس میں تفریحی سرگرمیوں کی موجودگی کے علاوہ تفریح کے دوران درکار تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سبب شاپنگ مالس تفریح کے مراکز میں تبدیل ہونے لگے ہیں ۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے نواحی علاقوں میں اب وسیع و عریض اراضیات پر شاپنگ مالس کے قیام کے لئے اجازت ناموں کے حصول کی درخواستوں کو دیکھتے ہوئے عہدیداروں کا کہناہے کہ وسیع و عریض اراضیات پر شاپنگ مالس کے قیام سے یہ واضح ہونے لگتا ہے کہ شہر اور شہر کے اطراف مالس کلچر فروغ پا رہا ہے اور اس کلچر کی خصوصیت کے متعلق کہا جا رہاے کہ تفریح اور خریداری کے علاوہ مکمل خاندان کی تفریح کے لئے مالس بہترین مرکز تصور کئے جارہے ہیں جہاں بچوں کے کھیلنے کے گوشوں کے علاوہ فوڈ کورٹس کی موجودگی نے شہریوں کو راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔شہر کے نواحی علاقو ںمیں شاپنگ مالس اور ملٹی پلیکس کے قیام کے رجحان میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں کہا جار ہا ہے کہ مغربی ممالک میں جہاں طویل مسافت پر شاپنگ مالس ‘ تفریحی مرکز وغیرہ ایک ہی مقام پر ہوتے ہیں اب شہر کے اطراف اسی طرز کے مراکز کے آغاز کی کوششیں کی جار ہی ہیں تاکہ شہر کی مصروف زندگی سے شہری کچھ فاصلہ پر پہنچ کر دن بھر کی تفریح کے ساتھ ساتھ خریداری کرتے ہوئے اپنے وقت کا بھر پور استعمال کریں اور اپنی ضروریات کی تکمیل کے سامان کی خریداری کو بھی یقینی بناسکیں ۔ اس رجحان میں اضافہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ اندرون 2تا3 سال ایسے کئی مالس شہر کے اطراف تعمیر کئے جانے کے امکانات ہیں کیونکہ ابھی یہ اجازت نامہ حاصل کر رہے ہیں۔م