12 اداروں میں 2 کا انتخاب ہوگا، پرانے شہر کی راہداری شامل
حیدرآباد 25 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل فیز II کی عاجلانہ تکمیل پر حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ پراجکٹ کے لئے مختلف محکمہ جات سے درکار این او سی کے حصول کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پراجکٹ کے کاموں کی نگرانی کے لئے جنرل کنسلٹنٹ کے تقرر کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کنسلٹنٹ کے تقرر کے سلسلہ میں پری بڈ اجلاس میں مختلف اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ فیز II کے تحت 7 مختلف راہداریوں پر میٹرو ریل کے کام انجام دیئے جائیں گے۔ حکومت نے 4 راہداریوں کے لئے ایک جنرل کسنلٹنٹ اور 3 راہداریوں کے لئے علیحدہ کنسلٹنٹ کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کنسلٹنٹ کے طور پر 12 اداروں نے اپنی خدمات کا پیشکش کیا ہے۔ فیز II کے تحت 122.9 کیلو میٹر پراجکٹ کیلئے 38595 کروڑ کا تخمینہ مقرر کیا گیا۔ فیز II میں نئے شہر کے علاوہ پرانے شہر کا مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا چندرائن گٹہ 7.5 کیلو میٹر پراجکٹ شامل ہے۔ رائے درگ تا کوکہ پیٹ 11.6 کیلو میٹر ایل بی نگر تا حیات نگر 7.1 کیلو میٹر، میاں پور تا پٹن چیرو 13.4 کیلو میٹر، جوبلی بس اسٹیشن تا میڑچل 24.5 کیلو میٹر، جوبلی بس اسٹیشن تا میرپیٹ 22 کیلو میٹر کی راہداری فیز II کے تحت شامل کی گئی ہے۔ مرکزی حکومت کی وزارت شہری ترقی اور ریلویز نے تلنگانہ حکومت کو کنسلٹنٹ کے انتخاب میں تعاون کا تیقن دیا تھا۔ مرکز کی جانب سے عدم پیشرفت پر حکومت نے اپنے طور پر کنسلٹنٹ کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے۔V/1