مینیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی کی چیف منسٹر سے ملاقات۔ منصوبے سے ریونت ریڈی کو واقف کروایا
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کے ڈی پی آر قطعی مرحلہ میں پہنچ چکے ہیں اور ایچ ایم آر سے دوسرے مرحلہ کے پراجکٹ کو قطعیت دینے منیجنگ ڈائریکٹر میٹرو ریل این وی ایس ریڈی نے چیف منسٹر سے ملاقا ت کرکے منصوبہ سے واقف کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے منصوبہ کو قطعیت دی ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل نے بتایا کہ دوسرے مرحلہ کی میٹرو کو شمس آباد ائیر پورٹ اور فیوچر سٹی تک توسیع دینے کی منصوبہ بندی بھی کی جاچکی ہے اور حکومت کو اس منصوبہ سے واقف کروایا جاچکا ہے۔ حیدرآباد ائیرپورٹ میٹرو ریل تا فیوچر سٹی میٹرو تک 40 کیلو میٹر توسیع دینے کا منصوبہ بھی اس میں شامل کیا جاچکا ہے۔ این وی ایس ریڈی نے کہا کہ منصوبہ کو ریاستی ومرکزی حکومت کے مشترکہ منصوبہ کے تحت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کی تخمینی لاگت 32 ہزار 237کروڑ آئے گی اور اس میں فیوچرسٹی میٹرو کے منصوبہ کیلئے 8000کروڑ کی لاگت شامل ہے۔انہو ںنے صحافتی اعلامیہ میں بتایا کہ میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ میں جن راہداریوں کو شامل کیاگیا ان میں ناگول تا ائیر پورٹ‘ رائے درگ تا کوکا پیٹ‘ ایم جی بی ایس تا چندرائن گٹہ پرانا شہر راہداری‘ میاں پورتا پٹن چیروو‘ ایل بی نگر تا حیات نگر کے علاوہ ائیر پورٹ تا فورتھ سٹی اسکل یونیورسٹی راہداری شامل ہے۔ مسٹر ریڈی نے بتایا کہ ناگول تا شمس آباد ائیر پورٹ راہداری براہ کرمن گھاٹ ‘ اویسی ہاسپٹل‘ ڈی آر ڈی او ‘ چندرائن گٹہ ‘ میلاردیو پلی ‘ آرام گڑھ‘ جملہ 24 اسٹیشن کے ساتھ تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔رائے درگ تا کوکا پیٹ کے درمیان جملہ 8 میٹرو اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے ۔راہداری نمبر 6جو کہ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا چندرائن گٹہ ہوگی جو براہ دارالشفا ‘ منڈی میر عالم ‘ کوٹلہ عالیجاہ‘ شاہ علی بنڈہ اور فلک نما سے ہوتے ہوئے چندرائن گٹہ پہنچے گی اس پر جملہ 1100 جائیدادیں متاثر ہورہی ہیں اور اس راہداری پر 400 جائیدادوں کے حصول کے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس راہداری پر مجموعی اعتبار سے 100 فیٹ کی سڑک کو یقینی بنایا جائے گا اور اس راہداری پر 103 حساس جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ۔اس کے علاوہ میاں پور میٹرو سے پٹن چیروو راہداری کی تعمیر کو بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ ائیر پورٹ تا فیوچر سٹی میٹرو ریل راہداری کیلئے علحدہ منصوبہ تیار کرکے مرکزی حکومت کو روانہ کیا جائے گا اور اس کے ڈی پی آر کو اندرون چند ماہ قطعیت دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلہ میں حیدرآباد میں جملہ 116.2 کیلو میٹر میٹرو ریل کی تعمیر کا منصوبہ ہے جو کہ 6 مختلف راہداریوں پر تعمیر کی جائیں گی جن میں مذکورہ راہداریوں کے علاوہ ائیر پورٹ تا فیوچر سٹی میٹرو ریل راہداری کا منصوبہ بھی شامل ہے ۔3