حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سوماجی گوڑہ میں پوری طرح ری سائیکلڈ پلاسٹک پے ور بلاکس سے بنایا گیا حیدرآباد کا پہلا فٹ پاتھ وجود میں آیا ہے جو روایتی فٹ پاتھس کے لیے ایک پائیدار متبادل بن گیا ہے ۔ پلاسٹک پے ور بلاکس کا استعمال کرتے ہوئے فٹ پاتھ بنانے کے اس انوکھے کام کو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی ) خیریت آباد زون کے عہدیداروں نے مکمل کیا ہے ۔ سولار ۔ پاورڈ فٹ پاتھس کی تعمیر کے لیے ایک پائیلٹ پراجکٹ کے حصہ کے طور پر جی ایچ ایم سی نے دو اسٹریچس بشمول سوماجی گوڑہ اور جوبلی ہلز پر نزد بھارتیہ ودیا بھون پلاسٹک پے ور بلاکس سے فٹ پاتھس بنانے کی تجویز رکھی تھی ۔ چند دن قبل جی ایچ ایم سی نے سوماجی گوڑہ سرکل اور نیکلس روڈ ایم ایم ٹی ایس اسٹیشن کے درمیان دو کلو میٹر طویل ایک پلاسٹک پے ور بلاک فٹ پاتھ بنانے کا کام مکمل کیا ہے ۔ بھارتیہ ودیا بھون پر اس طرح کے ایک واک وے کی تعمیر کا کام ایک دو دن میں شروع ہوگا ۔ جی ایچ ایم سی خیریت آباد زون کے ایک سینئیر انجینئر نے یہ بات بتائی ۔ پلاسٹک پے ور بلاکس بنانے کے لیے بے کار سمجھ کر پھینک دئیے جانے والے پلاسٹک ، بشمول پالی بیاگس ، پلاسٹک باٹلس ، باٹل کیاپس اور پلاسٹک رئپرس کا استعمال کیا گیا ۔ پے ور بلاکس 65 تا 70 فیصد سنگل ۔ یوز پلاسٹک کچہرے پر مشتمل ہوتے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے کہا کہ اس طرح کے فٹ پاتھس ، لچک فراہم کرتے ہیں ۔ واٹر پروف اور دیرپا ہوتے ہیں ۔ اگر مرمت کی ضرورت ہو تو ان بلاکس کی الگ الگ مرمت کی جاسکتی ہے اور یہ کانکریٹ سے ہلکے وزن کے ہوتے ہیں اور ان کے بنانے کے اخراجات روایتی ٹائلز سے کم ہوتے ہیں ۔۔ a/k/b