حیدرآباد میں برسوں بعد تلگو دیشم پارٹی کی طاقت کا مظاہرہ

   


چندرا بابو نائیڈو کا جلوس ، کاسانی گیانیشور تلنگانہ میں نئے صدر
حیدرآباد ۔10 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کے احیاء پر قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے توجہ مرکوز کی ہے ۔ ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے کاسانی گیانیشور کو تلنگانہ تلگو دیشم کا نیا صدر مقرر کیا گیا اور چندرا بابو نائیڈو کی موجودگی میں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں گیانیشور نے اپنے عہدہ کا جائزہ لیا۔ قبل ازیں چندرا بابو نائیڈو کو ان کی قیامگاہ سے جلوس کی شکل میں این ٹی آر ٹرسٹ بھون لایا گیا۔ حالیہ عرصہ میں حیدرآباد میں تلگو دیشم پارٹی کا یہ پہلا جلوس تھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ چندرا بابو نائیڈو کھلی جیپ میں سوار تھے اور عوامی استقبال کا جواب دے رہے تھے۔ نائیڈو حیدرآباد میں پارٹی کے اس مظاہرہ پر کافی خوش تھے اورا نہوں نے کہا کہ کئی برسوں بعد انہوں نے اس قدر بڑا جلوس دیکھا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کاسانی گیانیشور اور دیگر قائدین کو ذمہ داری دی ۔ تلنگانہ میں پارٹی کے سابقہ موقف کی بحالی کو یقینی بنائیں اور تلنگانہ کے ہر گھر تک تلگو دیشم پارٹی کو پہنچائیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے یقین ظاہر کیا کہ تلنگانہ میں پارٹی پوری شدت کے ساتھ ابھرے گی اور عوام کی تائید حاصل ہوگی۔ سابق صدر تلگو دیشم بی نرسمہلو ، پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔ ر