بی سی سی آئی سے مذاکرات، عنقریب اسپورٹس پالیسی کا اعلان، شہر کے موجودہ اسٹیڈیمس تقاریب اور سیاسی جلسوں تک محدود
حیدرآباد 2 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان کیا اور کہاکہ مہیشورم کے قریب اسٹیڈیم کی تعمیر کے لئے اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تلنگانہ اسمبلی میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور اسپورٹس سرگرمیوں کو حکومت کی سرپرستی سے متعلق بیان دیتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد میں موجود کئی اسٹیڈیم اب کھیل کود کے بجائے شادی بیاہ، فلمی فنکشنس اور سیاسی پارٹیوں کے جلسوں کے مراکز میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نوجوان نسل کو کھیل کود کی طرف راغب کرتے ہوئے منشیات کی لعنت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ بی سی سی آئی سے ابتدائی مرحلہ کے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں جس کے تحت مضافاتی علاقہ مہیشورم کے قریب بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن کو اسکلس یونیورسٹی میں منتقل کرتے ہوئے اِس اراضی پر کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ جلد ہی حکومت اراضی الاٹ کردے گی اور سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکلس یونیورسٹی سے قریب کرکٹ اسٹیڈیم رہے گا جہاں نوجوانوں کو کرکٹ اور دیگر اسپورٹس میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حالیہ برسوں میں سرکاری سطح پر اسپورٹس کی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔ تلنگانہ حکومت جلد ہی اسپورٹس پالیسی کا اعلان کرے گی تاکہ حیدرآباد سے بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی تیار کئے جاسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں ہریانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ ہریانہ ماڈل اختیار کرتے ہوئے تلنگانہ میں کھیل کود کو فروغ دیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر منڈل میں منی اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اسپورٹس کی حوصلہ افزائی کے لئے ریاستی بجٹ میں 321 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ یوسف گوڑہ، گچی باؤلی اور سرور نگر میں واقع اسٹیڈیمس میں کھیل کود کی سرگرمیاں کم ہوچکی ہیں۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں کھیل کود سے زیادہ سیاسی پروگرام منعقد ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اسپورٹس کی حوصلہ افزائی کے لئے خانگی شعبہ کی شراکت ضروری ہے۔ چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی کیلئے ہر سال اسپورٹس اور کلچرل مقابلوں کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ متحدہ آندھراپردیش میں ہر بجٹ سیشن کے موقع پر ارکان اسمبلی کیلئے اسپورٹس اور کلچرل مقابلے منعقد کئے جاتے رہے جس سے ارکان اسمبلی کی کھیل کود اور دیگر تہذیبی صلاحیتوں کا اظہار ہورہا تھا۔ اُنھوں نے اسپیکر کو تجویز پیش کی کہ کل جماعتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے آئندہ اجلاس سے ارکان اسمبلی کیلئے اسپورٹس اور کلچرل مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ ارکان اسمبلی اسپورٹس کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے نوجوانوں کیلئے رول ماڈل بن سکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ مختلف ریاستوں کی اسپورٹس پالیسی کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ میں اسپورٹس پالیسی مدون کی جائے گی۔ اپوزیشن پارٹیوں نے اسپورٹس کو فروغ دینے کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ نوجوان نسل کو منشیات اور دیگر سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے یہ فیصلہ معاون ثابت ہوگا۔ 1