حیدرآباد میں غیر قانونی تارکین وطن کی نگرانی مرکز کررہا ہے۔ کشن ریڈی

,

   

حیدرآباد۔مرکزی مملکتی وزیر برائے داخلی امور جی کشن ریڈی نے جمعرات کے روزکہاکہ مرکز کے پاس حیدرآباد کے پرانے شہر میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کی فہرست موجود ہے اور حکومت اس زوایہ پر بھی کام کررہی ہے۔

کشن ریڈی نے یہاں رپورٹرس کو بتایاکہ”ہمارے پاس پرانے شہر میں مقیم تمام روہنگیائی تارکین وطن کی تفصیلات موجود ہیں۔

وہ لوگ مسلسل ہماری نگرانی میں ہیں۔ اس رپورٹ میں تمام تارکین وطن کی تفصیلات موجود ہیں۔ ہمارے ملک میں کچھ مقامات ہیں جہاں پر روہنگیائی تارکین وطن رہ رہے ہیں“۔

انہوں نے مزیدکہاکہ”کسی بھی ووٹر میں ان کا اندراج نہیں کیاجانا چاہئے اور مرکز یا ریاست کی جانب سے ملنے والی کوئی بھی مرعات جیسے راشن کارڈ یا شناختی کارڈ انہیں فراہم نہیں کیاجانا چاہئے۔

مگرایسا کچھ مقاما ت پر ہوا ہے اور متعلقہ افراد کے خلاف کاروائی کی گئی ہے“۔مذکورہ ایم او ایس نے مزیدکہاکہ ”روہنگیائیوں کے علاوہ حیدرآباد میں کچھ پاکستانی بھی مقیم ہیں جس کے متعلق حکومت کے پاس رپورٹ موجود ہے اور اس معاملے پر غور کیاجارہا ہے“۔

مذکورہ بلدیہ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات یکم ڈسمبر کے روز ہوں گے اور اس کے نتائج کا4ڈسمبر کے روز اعلان کیاجائے۔