حیدرآباد میں موسم خوشگوار ، ہلکی بارش ، ٹھنڈی ہوائیں

,

   

شدید گرمی سے شہریوں کو معمولی راحت ، مزید تیز ہوائیں چلنے ژالہ باری کا امکان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں جاری گرمی کے قہر کی لہر سے عوام شدید پریشان ہیں ایسے میں دارالحکومت حیدرآباد میں ہفتہ کی شام سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگی اور بعض مقامات پر ہلکی اور تیز بارش ہوئی ۔ شدید ترین گرمی سے پریشان شہریوں کو خاص کر نماز تراویح ادا کرنے والے مصلیوں کو راحت ملی ہے ۔ مکہ مسجد کے صحن میں نماز تراویح ادا کرنے والوں کو بارش کی بوندا باندی سے راحت حاصل ہوئی ۔ شہر حیدرآباد میں ژالہ باری اور تیز ٹھنڈی ہواؤں کا یہ سلسلہ 14 مئی تک جاری رہے گا ۔ اس سے شہریوں کو راحت ملے گی ۔ گذشتہ چند دنوں سے یہاں شدید گرمی اور گرم لو چل رہی تھی ۔ بعض مقامات پر درجہ حرارت 46 ڈگری سلیس تک پہونچ گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں 30 تا 40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز تھنڈی ہوائیں بھی چلیں گی اور موسم میں یہ خوشگوار تبدیلی جنوب ساحل آندھرا پردیش پر طوفان کے سرگرم ہونے سے آئے گی ۔ ماقبل مانسون بارش کا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو زیر زمین پانی کی کمی بھی دور ہوجائے گی ۔ بورویلس خشک ہوگئے ہیں ۔ حیدرآباد میں آج کا درجہ حرارت 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ ایسے میں بارش اور ژالہ باری نے شہریوں کے لیے خوشگوار راحت تھی ۔ شام 7-30 بجے سے ہی شہر کے بعض مقامات پر بارش شروع ہوگئی تھی ۔ کوکٹ پلی ، قطب اللہ پور ، خیریت آباد ، بیگم پیٹ ، الوال کے کچھ حصہ ، ملکاجگیری ، اوپل ، ایل بی نگر ، چنچل گوڑہ ، کتہ پیٹ میں بارش ہوئی اس کے بعد بارش کا سلسلہ عابڈس ، نامپلی ، افضل گنج ، اور کوٹھی تک پھیل گیا ۔ ونستھلی پورم ، حیات نگر ، عنبر پیٹ ، ناگول ، الوال ، تارناکہ ، حبشی گوڑہ ، بنجارہ ہلز ، جوبلی ہلز وغیرہ میں بھی بارش ہوئی ۔ رات 11-30 بجے تک شہر میں 4.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔۔