حیدرآباد میں چاول کی دکانات میں بے قاعدگیاں ،سیول سپلائز حکام کے دھاوے

   

25 کیلو کے تھیلوں پر 26 کیلو کے اسٹیکرس، وزن میں کمی کا انکشاف،چار تاجروں کے خلاف مقدمات درج
حیدرآباد، 31 اکتوبر (سیاست نیوز): حیدرآباد میں بعض ہول سیل چاول تاجروں کی جانب سے مقررہ وزن سے کم چاول فراہم کرنے اور زائد قیمتیں وصول کرنے کی شکایات پر محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں نے مختلف علاقوں میں اچانک معائنے کیے۔ ملک پیٹ، منگل ہاٹ اور کرشنا نگر کے علاقوں میں کی گئی جانچ کے دوران کئی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا۔ بعض تاجروں نے چاول کے تھیلوں پر 26 کیلو گرام وزن درج کیا تھا، تاہم عہدیداروں کی جانب سے وزن کرنے پر ایک تھیلے میں 25 کیلو اور دوسرے میں صرف 24 کیلو چاول پائے گئے۔ اس سلسلے میں چار تاجروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔معائنے کے دوران عہدیداروں نے یہ بھی پایا کہ ملک پیٹ، منگل ہاٹ اور کرشنا نگر میں بعض ہول سیل تاجروں کے پاس تجارتی لائسنس موجود نہیں ہیں، جبکہ کچھ تاجروں نے جی ایس ٹی کے تحت رجسٹریشن بھی نہیں کرائی تھی۔ اس کے علاوہ بعض مقامات پر محکمہ اوزان و پیمائش سے تصدیق شدہ وزنی مشینوں کے بجائے غیر مصدقہ مشینیں استعمال کی جارہی تھیں۔ متعلقہ تاجروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ 24 گھنٹوں کے اندر تمام متعلقہ محکمہ جات سے ضروری اجازت نامے حاصل کریں۔ ضلع سیول سپلائز آفیسر سرینواس نے کہا کہ حیدرآباد ضلع میں چاول کے کاروباری اداروں کے خلاف اچانک معائنے جاری رہیں گے۔دوسری جانب یوسف گوڑہ کے سری کرشنا نگر اور اندرا نگر علاقوں میں محکمہ سیول سپلائز، محکمہ اوزان و پیمائش، ٹاسک فورس انفورسمنٹ اور ویجیلنس سیل کے عہدیداروں نے مشترکہ طور پر چاول کی پانچ دکانوں کا معائنہ کیا۔ ٹاسک فورس ویجلنس کے ایس پی شیشی دھر راج کی قیادت میں کی گئی اس کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ بعض دکاندار چاول کے تھیلوں پر پرانی قیمت کے اسٹیکرس کے اوپر نئی قیمت کے اسٹیکرس چسپاں کرکے فروخت کررہے تھے۔عہدیداروں کے مطابق ایک مقام پر چاول کے تھیلے کی قیمت 1,499 روپے تھی، جبکہ اس پر 2,999 روپے اور 2,020 روپے کی پرانی قیمت والے اسٹیکرس کے اوپر 3,120 روپے کا نیا اسٹیکر چسپاں کیا گیا تھا۔ ایک دوسری دکان پر 2,340 روپے کی قیمت والے تھیلے کو 3,120 روپے میں فروخت کیا جارہا تھا۔ جانچ میں یہ بھی سامنے آیا کہ 25 کیلو گرام کے تھیلوں پر واجب الادا جی ایس ٹی ادا نہیں کیا جارہا تھا۔ بعض دکاندار 25 کیلو گرام کے تھیلوں پر 26 کیلو گرام کے اسٹیکرس چسپاں کرکے صارفین کو فروخت کررہے تھے۔ عہدیداروں نے واضح کیا کہ صارفین کے ساتھ دھوکہ دہی، وزن میں کمی اور قیمتوں میں بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ 2/a/b