حیدرآباد میں چلتی کار کو لگی آگ مسافرین کرشماتی طور پر محفوظ

   

حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : شہر کے ہائی ٹیک علاقہ میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک کار اچانک درمیان سڑک شعلہ پوش ہوگئی ۔ اس واقعہ کے بعد پولیس کے حلقوں میں سنسنی پیدا ہوگئی ۔ ان دنوں سائبر آباد میں انتہائی سخت چوکسی اور وزیراعظم کی آمد کے پیش نظر سیکوریٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ایسی صورت میں کار کے اچانک شعلہ پوش ہونے سے پولیس بھی حیرت کا شکار ہوگئی اور فوری طور پر اس معاملہ پر ردعمل ظاہر کیا گیا ۔ کار جو ہائی ٹیک سٹی علاقہ سے گذر رہی تھی اچانک اس کار میں آگ بھڑک اٹھی تاہم کار میں موجود افراد کی بروقت چوکسی سے جانی نقصان کا واقعہ ٹل گیا ۔ تاہم کار شعلہ پوش ہوگئی ۔ اس واقعہ کے سبب علاقہ میں ٹریفک جام ہوگیا ۔ پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے کار کو سڑک سے دوسرے مقام پر منتقل کرتے ہوئے ٹریفک کو بحال کیا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔۔ ع