حیدرآباد میں 30 کروڑ کے صرفے سے 7 ملٹی پرپز فنکشن ہالس کی تعمیر

   

حیدرآباد 2 اگست (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے حیدرآباد میں 30 کروڑ روپئے کے صرفہ سے مزید 7 ملٹی پرپز فنکشن ہالس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فنکشن ہالس لالہ پیٹ، اپو گوڑہ، وینگل راؤ نگر، جمعرات بازار، غوث نگر، کنچن باغ اور ملے پلی میں تعمیر کئے جائیں گے۔ مذکورہ 7 فنکشن ہالس میں 4 جاریہ سال کے اختتام تک مکمل کرلئے جائیں گے جبکہ باقی کی 2025 ء میں تکمیل ہوگی۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں فی الوقت 19 ملٹی پرپز فنکشن ہالس کام کررہے ہیں۔ انھیں معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو گھریلو یا سماجی تقاریب کے لئے 10 تا 12 ہزار روپئے کرایہ پر دیا جاتا ہے۔ فنکشن ہال کی نگرانی بلدی حکام کی جانب سے کی جاتی ہے۔ صارفین کو 18 فیصد جی ایس ٹی کے ساتھ 2000 مربع گز کے فنکشن ہال کے لئے 10 ہزار روپئے جبکہ 2 ہزار تا 4 ہزار مربع گز کے فنکشن ہال کے لئے 15 ہزار روپئے ادا کرنے پڑتے ہیں۔