حیدرآباد : جوبلی ہلز پولیس نے ہفتہ کے روز لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر تلاشی مہم کے دوران پدما مندر کے قریب دو آدمیوں کے پاس سے 1.4کروڑروپے ضبط کئے ۔ انگریزی اخبار ’’ ٹائمس آف انڈیا ‘‘ کے مطابق جوبلی ہلز پولیس انسپکٹر بالا کرشنا نے بتایا کہ پدما مند رکے پاس گاڑیوں کی تلاشی مہم کے دوران ایک ایکٹیوا ہونڈا پر دو آدمیوں کے پاس سے 1.4کروڑ روپے برآمد کرلئے ۔
بالا کرشنا نے بتایا کہ ان دونوں کی شناخت ۴۷؍ سالہ گوپی ناتھ سے اور ۳۲؍ سالہ راگھویندر سے ہوئی ہے ۔ گوپی پیشہ سے اکاؤنٹنٹ ہے جبکہ راگھویندر ایک سافٹ ویر انجینئر بتایا گیا ہے۔ پولیس انسپکٹر نے مزید بتایا کہ مذکورہ خطیر رقم کے کاغذات نہ ہونے کے سبب انہیں ضبط کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں سے دریافت کرنے پر ان لوگوں نے بتایا کہ وہ زمینات (ریئل اسٹیٹ ) کا کاروبار کرتے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ ہم قانونی کارروائی کرنے کے بعد انہیں یہ رقم واپس کردیں گے ۔