اپل اسٹیڈیم سے متصل کھلی اراضی پر اجلاس، سابق چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت کمار کو ریٹرننگ آفیسر بنانے کا فیصلہ
حیدرآباد۔11۔ڈسمبر(سیاست نیوز) حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کے انتخابات 10 جنوری 2023کو منعقد کئے جائیں گے اور ان انتخابات کے لئے سابق چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت کمار کو ریٹرننگ آفیسر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کے موجودہ صدر محمد اظہر الدین کی معیاد جاریہ سال ستمبر کے اواخر میں مکمل ہوچکی ہے اس کے بعد سے انتخابات کروائے جانے تھے لیکن اب تک جنرل باڈی اجلاس طلب کرتے ہوئے اسوسیشن کے انتخابات کا اعلان نہیں کیا گیا تھا لیکن آج سابقہ صدور حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن جناب ارشد ایوب‘ مسٹر این شیولعل یادو کے علاوہ مسٹر جی ونود کی موجودگی میں ہوئے اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ اسوسیشن کے انتخابات کا 10جنوری کو انعقاد عمل میں لایا جائے ۔ اپل کرکٹ اسٹیڈیم سے متصل اسٹیڈیم کی کھلی اراضی پر منعقد ہونے والے اس اجلاس میں 160کرکٹ کلبس کے سیکریٹریز نے شرکت کرتے ہوئے حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کے انتخابات کو منظوری دے دی ہے۔ کرکٹ اسوسیشن کے ذمہ داروں نے موجودہ صدر محمد اظہر الدین کے رویہ پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ جس اسٹیڈیم کی تعمیر میں ان لوگوں نے کلیدی کردار اداکیا ہے اس اسٹیڈیم میں انہیں داخلہ کی اجازت نہیں دی گئی جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ مسٹر جی ونود نے بتایا کہ کلب سیکریٹریز کا اجلاس طلب کئے جانے کے باوجود اسٹیڈیم کو مقفل رکھا گیا اور عملہ کو ہدایت دی گئی کہ کسی کو بھی اسٹیڈیم میں داخل ہونے نہ دیا جائے اسی لئے اسٹیڈیم سے متصل کھلی اراضی پر یہ اجلاس منعقد کیا گیا اور اسوسیشن کے انتخابات کروانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ کرکٹ اسوسیشن سے وابستہ سرگرم سیکریٹریز نے حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کے انتخابات کے سلسلہ میں کہا کہ تین سالہ معیاد کی تکمیل کے فوری بعد انتخابات کرواتے ہوئے نئی باڈی کی تشکیل عمل میں لائی جانی چاہئے لیکن محمد اظہر الدین کے رویہ کے سبب اب تک انتخابات کے لئے راہ ہموار نہیں ہوپارہی تھی جس کی وجہ سے کلب سیکریٹریز و دیگر ذمہ داروں نے اجلاس طلب کرتے ہوئے اسوسیشن کے انتخابات کی تاریخ اور ریٹرننگ آفیسر کے نام کو قطعیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹ اسوسیشن کی جنرل باڈی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی معیاد کے دوران سالانہ بجٹ کو منظوری دیتے ہوئے اخراجات اور آمدنی کے متعلق تفصیلات بی سی سی آئی کو روانہ کرے تاکہ بی سی سی آئی کے ذریعہ جاری کئے جانے والے فنڈس میں حصہ مل سکے اور اسوسیشن کے میدان میں میاچس کا انعقاد عمل میں لایا جاسکے لیکن اسوسیشن کی جانب سے گذشتہ تین سال کے دوران کوئی جنرل باڈی اجلاس منعقد کرتے ہوئے بجٹ کو منظوری دینے کے اقدامات نہیں کئے گئے جس کے سبب اسوسیشن کے ذمہ داروں اور وابستہ افراد میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔ٖ