حیدرآباد کو ڈرگس سے پاک شہر بنانا حکومت کی اولین ترجیح: بھٹی وکرامارکا

   

جوبلی ہلز اور صنعت نگر پارٹی قائدین کا اجلاس، لوک سبھا چنائو کے لیے حکمت عملی کا جائزہ
حیدرآباد : 30 جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حیدرآباد کو ڈرگس فری سٹی میں تبدیل کرنا حکومت کا اولین مقصد ہے۔ نوجوانوں کو ڈرگس کی لعنت سے نجات دلانے کے لیے کانگریس حکومت نے کئی سخت قدم اٹھائے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا لوک سبھا حلقہ سکندرآباد کے تحت صنعت نگر اور جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں بوتھ کمیٹیوں کے عہدیداروں اور مقامی قائدین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ بھٹی وکرامارکا جو حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے انچارج کوآرڈینیٹر ہیں وہ لوک سبھا چنائو کی تیاری کے سلسلہ میں مختلف اسمبلی حلقہ جات کے بوتھ سطح کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں متحرک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کانگریس دور حکومت کی مرہون منت ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس نے حیدرآباد کی ترقی کو نہ صرف نظرانداز کردیا بلکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا گیا۔ ہر گھر روزگار، ہر گائوں میں اسکول، کے جی تا پی جی مفت تعلیم، دلتوں کو تین ایکر اراضی اور غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے محض 40 دن مکمل ہوئے اور دو ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ 100 دن میں تمام چھ ضمانتوں پر عمل آوری حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کانگریس حکومت کو 100 دن کا وقت دینے کے لیے بھی تیار نہیں ہیں اور الزام تراشی کا آغاز کردیا گیا۔ انہوں نے کے ٹی آر اور دیگر قائدین کو انتباہ دیا کہ وہ اپنی زبان پر لگام لگائیں اور من مانی الزام تراشی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں کے سی آر اور ان کے افراد خاندان نے ریاست کے خزانے کو لوٹ لیا ہے۔ کانگریس حکومت سابق حکومت کی بے قاعدگیوں کی جانچ کررہی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حیدرآباد میں پانی اور برقی جیسے بنیادی مسائل کا حل تلاش کرنے میں کانگریس حکومتوں کا اہم رول رہا۔ حیدرآباد کو ڈرگس سے پاک شہر بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تلنگانہ میں صاف اور شفاف نظم و نسق فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں نوجوانوں کو پبس میں ڈرگس سربراہ کرنے کے خلاف ریونت ریڈی حکومت نے اقدامات شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اور زبان کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنے کی کوششوں کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اہم سرکاری محکمہ جات کو عوام کے لیے جوابدہ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ راہول گاندھی کے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے پیام کو گھر گھر پہنچائیں۔ اجلاس میں پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہر الدین، جے کسم کمار، سکندر آباد ضلع کانگریس کے صدر انل یادو، صنعت نگر اسمبلی حلقہ کے انچارج کے نیلیما اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ 1