فسادات کا خاتمہ کے سی آر کا کارنامہ، ریاستی وزراء محمد محمود علی اور کے ایشور کا خطاب
حیدرآباد۔/28مئی، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی اور وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ تلنگانہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ہندو مسلم اتحاد کے فروغ میں ٹی آر ایس حکومت نے اہم رول ادا کیا ہے۔ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ سے فرقہ وارانہ فسادات کا خاتمہ ہوگیا اور کے سی آر کی قیادت میں گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھایا گیا ہے۔ ریاستی وزراء نے آج شہر میں دلتوں کی بھلائی کیلئے حکومت کے اقدامات پر نامور صحافی راجو پرکاشم کی تیار کردہ ڈاکیومنٹری کی رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزراء نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات کے ساتھ حکومت کا یکساں رویہ ہے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تمام طبقات کا احترام کرتے ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ اقلیتوں اور دلتوںکی ترقی کیلئے کئی اسکیمات شروع کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ میں امن و ضبط کی صورتحال دیگر ریاستوں سے بہتر ہے۔ پُرامن حالات اور سازگار ماحول کے سبب بین الاقوامی ادارے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے راغب ہورہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں فسادات معمول بن چکے تھے لیکن کے سی آر نے بہتر حکمرانی کے ذریعہ امن و ضبط کی صورتحال کو بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے تمام طبقات کی بھلائی کیلئے حکومت کے اقدامات کی موثر انداز میں تشہیر کا مشورہ دیا۔ر