حیدرآباد کے ائمہ اور مؤذنین کیلئے خوشخبری، AQZA صحت کارڈ اسکیم کا اعلان

   

ویسٹرن ہاسپٹلس میں مفت سہولتوں کے ساتھ موثر علاج، روزنامہ سیاست سے اشتراک
حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ائمہ اور مؤذنین کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے لئے ویسٹرن ہاسپٹلس کرشنا نے روزنامہ سیاست کے اشتراک سے AQZA صحت کارڈ متعارف کیا ہے۔ غریب اور متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے ائمہ اور مؤذنین کی صحت کی نگہداشت اور انہیں برائے نام شرحوں پر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے ویسٹرن ہاسپٹلس کرشنا نے یہ منفرد پیشکش کی ہے۔ ہیلت کارڈ کے حامل ائمہ اور مؤذنین کو مکمل احترام اور توجہ کے ساتھ معیاری طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان ویسٹرن ہاسپٹلس کرشنا میں فری ہاسپٹل ایڈمیشن کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایڈمیشن چارجس ، روم چارجس اور ان پیشنٹ کیر چارجس مکمل طور پر معاف رہیں گے۔ مذکورہ سہولتوں کی مفت فراہمی کی صورت میں مڈل اور لوور مڈل انکم گروپ سے تعلق رکھنے والے ائمہ اور مؤذنین کو بڑی حد تک مالی بچت ہو پائے گی۔ عام طور پر ہاسپٹل سے رجوع ہونے کی صورت میں ہیلت کیر کے اضافی چارجس ایک چیلنج کی طرح ہوتے ہیں۔ ہیلت کارڈ رکھنے والے ائمہ اور مؤذنین کو فارمیسی میڈیسن اور لیباریٹری جانچ کے اخراجات ادا کرنے ہوں گے۔ رجسٹریشن آدھار سے مربوط سسٹم کے تحت مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے گا تاکہ کوئی بھی حقیقی مستحق سہولتوں سے محروم نہ رہے۔ AQZA صحت کارڈ کے نتیجہ میں حیدرآباد کے تقریباً 4000 ائمہ اور مؤذنین کو فائدہ ہوگا۔ ہاسپٹل کے نمائندوں نے بتایا کہ AQZA صحت کارڈ ہیلت کیر اسکیم سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا۔ ہاسپٹل نے سماج کی بے لوث اور روحانی رہنمائی کرنے والے ائمہ اور مؤذنین کی طبی خدمت کے جذبہ سے ہیلت کارڈ متعارف کیا ہے۔ ہیلت کارڈ کے سلسلہ میں حیدرآباد میں شعور بیداری مہم چلائی جائے گی تاکہ تمام مستحق امام اور مؤذنین اس سہولت سے استفادہ کرسکیں۔ اسکیم کی اہلیت کے لئے ائمہ اور مؤذنین کو حیدرآباد میں اپنی خدمات کا ضروری ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ رجسٹریشن اور دیگر تفصیلات کے لئے ویسٹرن ہاسپٹلس کرشنا سے فون نمبر +91 9000912793 پر ربط کیا جاسکتا ہے یا ویب سائیٹ www.westernhospitals.in سے رجوع ہوسکتے ہیں۔1/k/m/b