حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں تلنگانہ کیسری کشتی کے مقابلے

   

تلنگانہ کی تاریخ میں پہلی بار انڈین اسٹائیل مقابلے ۔ انجن کمار یادو کا اعلان
حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) انڈین اسٹائل ریسلنگ اسوسی ایشن کے صدرنشین سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے بتایا کہ شہر کے تاریخی ایل بی اسٹیڈیم میں 7 سے 10 مئی تک جاری رہنے والے تلنگانہ کیسری 2026ء مقابلوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ ان مقابلوں میں نامور پہلوان حصہ لیں گے۔ 55 تا 90 کیلو گرام وزن میں علیحدہ علیحدہ کشتیوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ خاتون پہلوانوں کے لئے 55 تا 65 کیلو گرام کے درمیان مقابلے ہوں گے۔ انجن کمار یادو نے بتایا کہ آنجہانی پہلوانوں وجئے کمار یادو، بلٹ راجو اور کتہ داس کی یاد میں تلنگانہ کیسری مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ ان مقابلوں میں حصہ لینے والے پہلوانوں کو مقررہ وزن کے مطابق زمرہ بندی کی گئی ہے۔ تلنگانہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانہ پر انڈین اسٹائیل کشتی مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کا مقصد مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر لانا ہے۔ 8 مئی کو شام 5 بجے ایل بی اسٹیڈیم کے مٹی والے عارضی دنگل پر شروع ہوں گے جو شائقین کشتی کے لئے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوں گے۔ تلنگانہ کیسری کے فاتح پہلوانوں میں پہلا انعام 3 لاکھ روپئے اور سلور گرج، دوسرا انعام 2 لاکھ روپئے اور تیسرا انعام ایک لاکھ روپئے اور چوتھا انعام 50 ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔ دیگر 55 تا 90 کیلو زمرہ کے پہلوانوں کے لئے پہلا انعام ایک لاکھ روپئے، دوسرا انعام 50 ہزار روپئے، تیسرا انعام 25 ہزار روپئے دیا جائے گا۔ اس موقع پر معین علی، پرساد یادو، رگھو گوڑ اور آدتیہ یادو کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔V/2