سکندرآباد واقعہ کے مہلوکین کے پسماندگان کو فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا، حادثات کی روکنے اعلیٰ سطحی کمیٹی
حیدرآباد۔/25جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد اور ریاست کے تمام بڑے شہروں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے رہائشی، تجارتی اور دیگر عمارتوں کے سیفٹی آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ سکندرآباد کے رام گوپال پیٹ میں گذشتہ دنوں پیش آئے آتشزدگی واقعہ میں فوت ہونے والے تین افراد کے پسماندگان کو فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا گیا۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے آج بی آر کے بھون میں ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں آتشزدگی کے واقعات کی وجوہات اور روک تھام کیلئے منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست کے تمام بڑے شہروں میں واقع بلند عمارتوں میں فائر سیفٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ تجارتی، رہائشی عمارتوں ، اسکولوں اور اپارٹمنٹس کا سیفٹی آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو، وزیر داخلہ محمد محمود علی، ڈپٹی میئر حیدرآباد ایم سری لتا ریڈی، چیف سکریٹری شانتی کماری، ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، اسپیشل چیف سکریٹری انرجی سنیل شرما، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس دانا کشور، پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند، پولیس کمشنر سائبرآباد اسٹیفن رویندرا، پولیس کمشنر راچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان، کلکٹر حیدرآباد اموئے کمار، کلکٹر میڑچل ہریش کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ کے ٹی راما راؤ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام بڑے شہروں میں واقع بلند عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا جانا چاہیئے۔ پولیس، میونسپل ایڈمنسٹریشن، فائر اور دیگر محکمہ جات کو مشترکہ طور پر فائر سیفٹی آڈٹ کا اہتمام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دواخانوں، اسکولوں کی عمارتوں، پٹرول بنکس، گیاس گودام، تجارتی اغراض کیلئے استعمال کی جانے والی عمارتیں اور اپارٹمنٹس کا سیفٹی آڈٹ کیا جائے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ فائر سیفٹی آڈٹ کے نام پر عوام کو تکالیف سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے لہذا حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1999 کے فائر سیفٹی قانون میں ضروری ترمیمات کی تجاویز حکومت کو روانہ کی جائیں۔ بلند قامت اپارٹمنٹس کے علاوہ پرانے شہر میں پولیس اور فائر سرویسس کو حکومت کی جانب سے عصری آلات کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں تجاویز پیش کرنے چیف سکریٹری شانتی کماری کو ہدایت دی۔ حال ہی میں سکندرآباد میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ پر فوری قابو پاتے ہوئے جانی نقصانات کم کرنے کیلئے کے ٹی آر نے عہدیداروں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثہ میں فوت ہونے والے تین افراد کے پسماندگان کو فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دیا جائے گا۔ وزیر انیمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حیدرآباد اور ریاست کے دیگر بڑے شہروں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر پیش کرنے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ حیدرآباد میں تقریباً 25 لاکھ تجارتی ادارے موجود ہیں اور انہیں اپنے طور پر فائر سیفٹی اقدامات کیلئے پابند بنانے احکامات جاری جائے جائیں۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عمارتوں کی تعمیر کی اجازت کے وقت فائر سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے عمل آوری کا مشورہ دیا۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے سلسلہ میں تجاویز پیش کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فائر سرویسس ڈپارٹمنٹ کیلئے عصری آلات کی فراہمی کے علاوہ عہدیداروں اور ملازمین کو آگ پر قابو پانے کیلئے ضروری ٹریننگ دی جائے گی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے آتشزدگی کے واقعات کیلئے ذمہ دار تجارتی اداروں کے خلاف کارروائی کی تجویز پیش کی۔ر