حیدرآباد کے سرکاری اسکولس میں طلبہ اور اساتذہ کیلئے 95 فیصد حاضری کا لزوم

   

ضلع کلکٹر کے عائد کردہ رخصت پر امتناع اور سرکولر کی اجرائی پر اساتذہ برادری کی شدید ناراضگی
حیدرآباد۔15۔نومبر(سیاست نیوز) سرکاری اسکولوں کے اساتذہ و طلبہ کے لئے 95فیصد حاضری کالزوم عائد کرتے ہوئے جاری کئے گئے سرکیولر پر اساتذہ برادری اور طلبہ شدید اعتراض کرنے لگے ہیں۔ ضلع حیدرآباد کے سرکاری اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ وطلبہ کی حاضری میں بہتری تک ’’رخصت‘‘ پر ضلع کلکٹر کی جانب سے عائد کئے گئے امتناع پر بھی شدید اعتراض کیا جانے لگا ہے۔ ضلع کلکٹر حیدرآباد محترمہ پرینکا ایلہ نے گذشتہ دنوں جاری کئے گئے ایک سرکیولر کے ذریعہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کی کم از کم 95 فیصد حاضری کو یقینی بنانے کے احکام جاری کرتے ہوئے چہرہ شناسی ایپ کے ذریعہ یومیہ اساس پر حاضری کو یقینی بنانے اور روزانہ شام 5 بجے تنقیح کے احکام جاری کئے ہیں ۔ انہوں نے 95فیصد حاضری کے نشانہ کے حصول تک تمام اساتذہ ‘ ہیڈ ماسٹرس‘ ڈپٹی انسپکٹرس آف اسکول‘ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر س کی رخصتوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی رخصت کے لئے اڈیشنل کلکٹر (ادارہ جات مقامی) کو منظوری کا مجاز قرار دیا ہے۔بتایاجاتاہے کہ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسٹر سنجے جاجو کے ضلع کلکٹرس کے ہمراہ منعقدہ ویڈیو کانفرنس کے دوران ضلع حیدرآباد کے سرکاری اسکولوں میں حاضری کم ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی جس پر کاروائی کرتے ہوئے ضلع کلکٹر حیدرآباد نے 13نومبر کو یہ سرکیولر جاری کرتے ہوئے حیدرآباد کے حدود میں موجود تمام منڈلوں کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے لئے یہ احکام جاری کئے ہیں۔اساتذہ کی تنظیموں کے ذمہ داروں نے ضلع کلکٹر حیدرآباد کے ان احکامات کو ریاستی حکومت کی جانب سے اساتذہ کی رخصتوں کے سلسلہ میں جاری کئے گئے سرکاری احکامات کے جی او کے خلاف قرار دیتے ہوئے ان احکامات کے خلاف ضلع کلکٹرسے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جارہاہے کہ اگر ضلع کلکٹرکی جانب سے ان احکامات سے دستبرداری اختیار نہیں کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ان احکامات کے خلاف ضلعی سطح پر احتجاج کا آغاز کیا جائے گا کیونکہ اڈیشنل کلکٹر کو رخصت کی منظوری کا مجاز قرار دیئے جانے کی صورت میں ہنگامی طور پر حاصل کی جانے والی رخصت کے لئے بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔3