حیدرآباد ۔ بنگلور مقابلے میں کئی نئے ریکارڈز بن گئے

   

بنگلور۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بولرس کیلئے ڈراؤنا خواب بن گیا جہاں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک میچ کے دوران سب سے زیادہ رنزکا ریکارڈ بن گیا۔ سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجر بنگلور کے میچ میں مجموعی طور پر549 رنز بن گئے۔ اس سے قبل ایک میچ میں سب سے زیادہ 523 رنز کا ریکارڈ بھی آئی پی ایل کے اسی ایڈیشن کے دوران 27 مارچ کو سن رائزرز حیدرآباد اور ممبئی انڈینزکے میچ کے دوران بنے تھے۔ سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم نے 3 وکٹ پر 287 رنز بنائے، حیدر آباد کا اسکور فرنچائز کرکٹ کا سب سے بڑا اور ٹی20 مقابلوںکا دوسرا بڑا ٹیم اسکور بھی بن گیا۔ پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز بھی اسی طرح دھواں دار رہی، لیکن ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں رائل چیلنجرز بینگلور کی ٹیم صرف 24 رنز دور رہی۔ اس نے 7 وکٹوں پر 262 رنز بنائے۔ رائل چیلنجرز بنگلورکا اسکور دوسری بیٹنگ میں کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور ہے۔آئی پی ایل کے موجودہ ایڈیشن میں ٹیمیں چار مرتبہ 250 یا اس سے زائد کا اسکور بناچکی ہیں۔ کسی ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ کے ایک ایڈیشن میں یہ سب سے زیادہ 250 یا اس سے زائد کے اسکورکا ریکارڈ ہے۔ 2023 اور 2022 میں انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں تین مرتبہ 250 یا اس سے زائد کے اسکور بنے تھے۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے 8 بڑے اسکورس میں سے تین اسکورس آئی پی ایل کے موجودہ ایڈیشن میں ہی بن گئے۔