حیدرآباد میں سرکاری ملازمین کیلئے ایچ آر اے میں 24 فیصد تک اضافہ

   

حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) مالی بحران کا سامنا ہونے کے باوجود حکومت تلنگانہ نے ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد کے قریب کے علاقوں میں رہنے والے سرکاری ملازمین کے ہاؤز رینٹ الاؤنس (ایچ آر اے) میں 24 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔ فرسٹ پے ریویژن کمیشن کی سفارشات کے بعد حکومت نے ہفتہ کو جی او 72 جاری کرتے ہوئے حیدرآباد کے قریبی علاقوں / بلدیات کے حدود میں رہنے والے سرکاری ملازمین کے ایچ آر اے میں اضافہ کیا ہے۔ ڈائرکٹر آف ٹریژریز اینڈ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ متعلقہ ٹاؤنس / شہروں سے 8 کلو میٹر کے اندر واقع مقامات پر رہنے والے ملازمین کیلئے قابل اطلاق شرح پر ہاؤز رینٹ الاؤنس کی ادائیگی برقرار رہے گی۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ کلکٹر رنگاریڈی کے پروسیڈنگس مورخہ 15 مئی 2010 ء کے مطابق شاہ میر پیٹ، شمس آباد اور جل پلی کے مواضعات / ٹاؤنس جی ایچ ایم سی کے 8 کیلو میٹر کے قطر کے اندر واقع ہیں جہاں جی او 53 کے پیرا 3(a) کے مطابق بیسک پے کا 13 فیصد ہاؤز رینٹ الاؤنس کی اجازت دی گئی تھی چنانچہ ڈائرکٹر آف ٹریژریز اینڈ اکاؤنٹس نے سفارش کی کہ جی ایچ ایم سی سے 8 کیلو میٹر کے اندر واقع مقامات پر رہنے والے ملازمین کے لئے 24 فیصد ایچ آر اے دیا جانا چاہئے۔ جی او میں جاری احکام میں ترمیم کے ذریعہ حکومت نے ہفتہ کو جی او 53 جاری کئے گئے احکام میں ترمیم جاری کی۔