حیوان کاٹیزر: اکشے کمار اور سیف علی خان پھر ایک ساتھ

   

ممبئی، 12 اگست (آئی اے این ایس) اکشے کمار اور سیف علی خان کی اداکاری سے سجی آنے والی فلم حیوان کا ٹیزر جاری کیا گیا، جس میں نمایاں سِلویٹس، منڈلاتے سائے اور مختصر جھلکیاں ایک بے چین اور پْراسرار کیفیت پیدا کرتی نظر آتی ہیں۔ ٹیزر ایک پْرتشدد، سنجیدہ اور پْراسرار کہانی کی بنیاد رکھتا ہے۔ ٹیزر میں دکھائی جانے والی جھلکیوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ سیف علی خان ایک بینائی سے محروم شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہدایت کار پریہ درشن کی زیرِ ہدایت بننے والی یہ فلم بڑے پردے پر ایک ایسے دورکی آمد کا اشارہ دیتی ہے جہاں پراسراریت، خطرے اور سنسنی سے بھرپور دنیا میں ایک انتہائی خطرناک کردار نمایاں ہوتا ہے۔ فلم میں بومن ایرانی، سائیامی کھیر اور شریا پلگاؤںکر بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ اس سے قبل فلم کے بنانے والوں نے اس کے پوسٹرز بھی جاری کیے تھے۔ فلم کا پہلا پوسٹر پراسراریت، خوف اور مسلسل بڑھتے ہوئے تناؤ سے بھرپور تھا، جس نے اسے 2026 کی سب سے زیادہ انتظارکی جانے والی سنسنی خیز فلموں میں شامل ہونے کا ماحول بنا دیا تھا۔ فلم کی شوٹنگ گزشتہ سال شروع ہوئی تھی۔ اس وقت اکشے کمار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پردے کے پیچھے کی ایک ویڈیو شیئرکی تھی، جس میں وہ اور سیف علی خان فلم کے ہدایت کار پریہ درشن کے ساتھ غیر رسمی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے نظر آئے تھے۔ فلم ’حیوان‘ اکشے کمار اور سیف علی خان کی دوبارہ ایک ساتھ واپسی کی فلم ہے۔ دونوں اداکارآخری مرتبہ فلم ’ٹَشن‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، جو تجارتی اور تنقیدی اعتبار سے ناکام رہی تھی، تاہم فلم کی موسیقی کو اچھا ردِعمل ملا تھا۔ پریہ درشن کی ہدایت کاری اور اکشے کمار و سیف علی خان کی ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کے باعث ’حیوان‘ کو 2026 کی بڑی سنیما پیش کشوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ حیوان کو وینکٹ کے نارائنا اور شیلجا ڈیسائی فین، کے وی این پروڈکشنز اور تھیسپین فلمزکے بینرز تلے پروڈیوس کررہے ہیں۔ فلم 11 ستمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔