آئندہ دو یوم میں مسودہ کی تیاری ۔ 20 ستمبر کو کابینہ کے اجلاس میں منظوری کا بھی امکان
حیدرآباد 15 ( سیاست نیوز) ریاستی کابینہ کے اجلاس میں حکومت سے ’ حیڈرا ‘ کے متعلق آرڈیننس کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی! 20 ستمبر کو کابینہ کے اجلاس میں ’ حیڈرا ‘ کو قانونی حیثیت اور اس کے اختیارات وضع کرکے آرڈیننس کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور اس شعبہ کی قانونی حیثیت اور اختیارات میں اضافہ کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں آرڈیننس کو منظوری کے سلسلہ میں سرکاری عہدیداروں نے مشاورت شروع کردی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دویوم میں ’ حیڈرا ‘ کے اختیارات کے سلسلہ میں آرڈیننس کا مسودہ تیار کرلیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ اجلاس میں تلنگانہ میں آئے سیلاب اور تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں حالات کو معمول پر لانے اقدامات کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ عہدیداروں کے مطابق کابینہ میں ’ حیڈرا ‘ کے قانونی اختیارات کو مستحکم و مضبوط بنانے اسے ریاست بھر میں توسیع دینے کے متعلق تبادلہ خیال کے بعد فیصلہ کا امکان ہے۔ حکومت نے سیلاب کے بعد تباہی کا جائزہ لے کر حیدرآبا و تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں بھی تالابوں پر قبضہ جات کو برخواست کروانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی حیدرآباد اور نواحی و مضافاتی علاقو ں میں ’ حیڈرا ‘ طرز کی کاروائیوں کیلئے ریاستی سطح پر اس ادارہ کی ضرورت پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ حکومت اس پر غور کرے گی۔ کابینہ اجلاس میں امکان ہے کہ پسماندہ طبقات تحفظات میں اضافہ پر بھی تبادلہ خیال کے علاوہ طبقاتی سروے کے متعلق منصوبہ بندی کا جائزہ لیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ کابینہ اجلاس میں سیلاب متاثرہ اضلاع میں زرعی سرگرمیوں کی بحالی اور عوام کو نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد اس کی پابجائی اور عام زندگی بحال کرنے بھی رہنما خطوط تیار کرکے انہیں کابینہ میں منظوری دی جائے گی اور ان علاقوں میں عام زندگی بحال کرنے معینہ وقت میں کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔3