چیف منسٹر سے ملاقات، ڈی کیسری کو 10 لاکھ اور ہیڈ کوچ نوشین کو10 لاکھ کے انعام کا اعلان
حیدرآباد۔/5 فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خاتون کرکٹ کھلاڑی تریشا کیلئے ایک کروڑ روپئے کے انعام کا اعلان کیا جنہوں نے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستان کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ جی تریشا نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اُن کی قیامگاہ پر خیرسگالی ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں شاندار مظاہرہ پر مبارکباد پیش کی اور ملک کیلئے آئندہ بھی شاندار کھیل کے مظاہرہ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے تریشا کیلئے ایک کروڑ روپئے کا اعلان کیا جبکہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی دھروتی کیسری کو 10 لاکھ روپئے انعام کا اعلان کیا۔ وہ بھی ٹیم انڈیا میں شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے ورلڈ کپ ٹیم کے ہیڈ کوچ نوشین اور ٹرینر شالینی کیلئے بھی فی کس 10 لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیر مال سرینواس ریڈی، چیف سکریٹری شانتی کماری، حکومت کے مشیر وی نریندر ریڈی، صدرنشین اسپورٹس اتھاریٹی شیوا سینا ریڈی اور چیف منسٹر کے سکریٹری شاہنواز قاسم اور دوسرے موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہتر مظاہرہ پر حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام کے فیصلہ سے واقف کرایا۔1