خاتون کی بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی

   

حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ بالا نگر میں ایک خاتون نے اپنے کمسن بچوں کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ بالا نگر پولیس حدود میں پیش آئے اس دردناک واقعہ سے گوتم نگر علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق 22 سالہ انیتا جو گوتم نگر علاقہ کے ساکن مہیش کی بیوی تھی نے اپنے 9ماہ کے لڑکے شری ونش اور 22ماہ کی لڑکی درشنی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ انیتا اور اس کے شوہر مہیش میں گذشتہ چند روز سے جھگڑے چل رہے تھے ۔ مہیش کار ڈرائیور بتایا گیا ہے۔ انیتا نے اپنی بہن کو قرض دیا تھا اور اس کی اطلاع شوہر کو نہیں تھی جب شوہر کو اس بات کا علم ہوا تو دونوں میں جھگڑے شروع ہوگئے اور گذشتہ روز مہیش نے انیتا سے کہا کہ وہ کسی بھی حال قرض کی رقم واپس حاصل کرلے۔ اس دباؤ سے دلبرداشتہ ہوکر انیتا نے یہ انتہائی اقدام کیا۔ بالا نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع