15 فروری ادخال کی آخری تاریخ
حیدرآباد۔/31 جنوری، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے سرکولر جاری کرتے ہوئے خادم الحجاج کے انتخاب کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔ ملک بھر سے ہر 300 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ خادم الحجاج کے طور پر خدمات انجام دینے کے خواہشمند افراد 15 فروری تک آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ www.hajcommitee.gov.in پر درخواستیں دستیاب ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کے بعد درخواست فارم کی ہارڈ کاپی ضروری دستاویزات کے ساتھ 15 فروری تک ریاستی حج کمیٹی ، حج ہاوز نامپلی میں داخل کریں۔ درخواست گذار مرکزی یا ریاستی حکومت کا باقاعدہ ملازم ہو۔ کسی خود مختار ادارہ اور ریاستی یا مرکزی حکومت کے پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگ کے ملازمین بھی درخواست دینے کے اہل ہیں۔ درخواست گذاروں کی عمر 31 مارچ تک 25 تا50 سال کے درمیان ہونی چاہیئے۔ درخواست گذار کے پاس انٹر نیشنل پاسپورٹ ہونا چاہیئے جو 15 فروری 2024 سے قبل جاری کردہ ہو جس کی اہلیت 31 جنوری 2025 تک ہونی چاہیئے۔ درخواست گذار سابق میں حج یا عمرہ ادا کیا ہو اور ایسے افراد ہی خادم الحجاج کیلئے اہل رہیں گے۔ حج سرگرمیوں کی مکمل معلومات اور عربی زبان جاننے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ خادم الحجاج کیلئے درخواست گذاروں کو حکومت سعودی عرب کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ضروری ٹیکے دیئے جائیں گے۔ درخواست گذار مکمل طور پر جسمانی فٹ ہونا چاہیئے۔ حج 2023 یا اس سے قبل دو مرتبہ سے زائد خادم الحجاج کے طور پر روانہ ہونے والے افراد اہل نہیں ہوں گے۔ سینئر آفیسر کلاس اے عہدیدار جن کا تعلق مرکزی و ریاستی حکومت سے ہو خادم الحجاج کی درخواستوں کے اہل نہیں ہوں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے ایگزیکیٹو آفیسر شیخ لیاقت حسین کے مطابق مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 23298793 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔1